بنگلہ دیش: شیخ حسینہ پرانسانیت کے خلاف جرائم کی فرد جرم عائد

Share

بنگلہ دیش میں استغاثہ نے معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ پر باضابطہ طور پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کر دیے ہیں جو گذشتہ سال کی حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے دوران مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر اموات میں ملوث ہونے سے متعلق ہیں۔

شیخ حسینہ اس وقت ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر انڈیا فرار ہو گئیں جب طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والا احتجاج ان کے جنوبی ایشیائی ملک میں 15 سالہ آمرانہ اقتدار کے خلاف عوامی بغاوت میں تبدیل ہو گیا۔

اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق گذشتہ سال جولائی اور اگست کے درمیان مون سون مظاہروں کے دوران تقریباً 1400 افراد کی جان گئی جب شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت نے ڈھاکا میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔

بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے علم میں آیا کہ شیخ حسینہ نے ریاستی سکیورٹی فورسز، اپنی جماعت اور اس سے منسلک گروپوں کو کارروائیاں انجام دینے کا ’براہِ راست حکم‘ دیا، جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

آئی سی ٹی کے چیف پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے عدالت کو بتایا کہ ’شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ منظم، وسیع پیمانے پر اور باقاعدہ حملہ تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ملزمہ نے بغاوت کو کچلنے کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اپنی جماعت کے مسلح کارکنوں کو کھلی چھٹی دی۔‘

تاج الاسلام نے شیخ حسینہ اور دو دیگر عہدے داروں کے خلاف الزامات عائد کیے جس کے بعد ان پر اتوار کو باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کی گئی۔ ان پر ’جولائی کی بغاوت‘ کے دوران ’قتل عام کی روک تھام میں ناکامی، سازش، معاونت، اشتعال انگیزی، شراکت اور سہولت کاری‘ جیسے الزامات لگائے گئے۔

استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ حسینہ، بطور اس وقت کی حکومت کی سربراہ، بدامنی کے دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی ذمہ دار ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ سال اکتوبر میں آئی سی ٹی نے سابق وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے 45 وزرا، مشیروں، فوجی اور سول اہلکاروں کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے۔ شیخ حسینہ اب بھی نئی دہلی میں دارالحکومت کے اقتدار کے مراکز کے قریب مقیم ہیں اور حوالگی کی کوشش سے بچ رہی ہیں۔

بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والا اقتدار کا خلا نگران حکومت نے تیزی سے بھر دیا جس کی قیادت شیخ حسینہ کے دیرینہ ناقد اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے سنبھال لی جو عبوری رہنما بننے کے لیے ملک واپس آئے۔ مظاہروں کو تقریباً ایک سال گزر چکا ہے اور بنگلہ دیشی عوام اب بھی اپنے نئے رہنما کے انتخاب کے لیے عام انتخابات کے منتظر ہیں۔

تاہم ایک متنازع اقدام کے تحت بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے اس ماہ عوامی لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جس کے نتیجے میں وہ آئندہ قومی انتخابات میں حصہ لینے سے محروم ہو گئی۔ یہ انتخابات اگلے سال جون تک متوقع ہیں۔

نگران حکومت نے اعلان کیا کہ اس نے تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے جن میں ’کسی بھی قسم کی اشاعت، میڈیا، آن لائن اور سوشل میڈیا‘ کے ساتھ ساتھ ’کسی بھی قسم کی مہم، جلوس، اجتماع، جلسہ یا کانفرنس‘ شامل ہے۔ یہ پابندی اس وقت عائد رہے گی جب تک رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات مکمل نہیں ہو جاتے۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

پاکستان معاشی میدان میں ٹیک آف کی پوزیشن پر ہے: وزیر اعظم

منگل جون 10 , 2025
Share پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب میں کہا کہ پاکستان اب معاشی میدان میں ’ٹیک آف‘ کی پوزیشن میں ہے۔ اسلام آباد میں بجٹ تجاویز پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا […]

You May Like