اسرائیل کا ایرانی سرکاری ٹی وی پر حملہ، اینکر کچھ منٹوں بعد واپس لائیو آ گئیں

Share

اسرائیل کی جانب سے 13 جون کو ایران کی متعدد فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی کے علاوہ کئی جوہری سائنس دانوں کی موت  کے بعد تہران کے جوابی حملے جاری ہیں جب کہ اسرائیل بھی مختلف ایرانی شہروں اور تنصیبات پر میزائل حملے کر رہا ہے۔

ایران نے اسرائیلی حملوں کا ’سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اسی سلسلے میں اس نے ’آپریشن وعدہ صادق سوم‘ کے نام سے کی گئی بھرپور جوابی کارروائی میں اسرائیل پر مختلف وقفوں سے سینکڑوں میزائل داغے ہیں۔

ایران اور اسرائیلی جنگ کی اپ ڈیٹس یہاں دیکھیے:


رات 10 بج کر 30 منٹ پر 

آیت اللہ علی خامنہ ای کا قتل ایران، اسرائیل تنازع ختم کر دے گا: نتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے پیر کو کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنا ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے کو ’ختم کر دے گا۔‘

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کی جانب سے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کے منصوبے کو اس خدشے کے تحت روک دیا کہ اس سے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آئے گی؟

تو نتن یاہو نے کہا ’یہ تنازعے کو بڑھائے گا نہیں بلکہ ختم کرے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا ’یہ ’ہمیشہ کی جنگ‘ وہی ہے جو ایران چاہتا ہے اور وہ ہمیں ایٹمی جنگ کے دہانے پر لا چکا ہے۔ اصل میں اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے، وہ اس جارحیت کا خاتمہ کرنے کی کوشش ہے اور ہم صرف اسی صورت میں کامیاب ہو سکتے ہیں جب ہم ان ’شیطانی قوتوں‘ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔‘ اے ایف پی


رات نو بج کر 00 منٹ پر 

ایران کو فوراً بات کرنی چاہیے اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت کرنا چاہتا ہے اور اسے یہ بات چیت فوراً کرنی چاہیے ’اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔‘

ٹرمپ نے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی سے ملاقات کے آغاز پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں کہوں گا کہ ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا اور انہیں بات کرنی چاہیے، فوراً بات کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔‘

پیر کو اس خبر کے بعد کہ ایران اسرائیل کے ساتھ جارحیت ختم کرنے کا خواہاں ہے، تیل کی قیمتوں میں دو ڈالر فی بیرل سے زیادہ کی کمی آئی۔ 


رات آٹھ بج کر 30 منٹ پر 

اسرائیل کا ایرانی سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کی عمارت پر حملہ

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے پیر کو بتایا کہ اسرائیلی حملے کے بعد تہران میں واقع سرکاری ٹیلی وژن نے عارضی طور پر براہ راست نشریات روک دی۔

ٹی وی چینل کی براہ راست نشریات میں خاتون اینکر دھماکے کے بعد اٹھ کر چلی جاتی ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد نشریات کو ریکارڈ شدہ پروگرامز پر منتقل کر دیا گیا۔


رات سات بج کر 30 منٹ پر 

ایران کا سرکاری ٹی وی اور ریڈیو ’غائب‘ ہونے والا ہے: اسرائیل

 

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹس نے پیر کو کہا کہ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن اور ریڈیو ’غائب ہونے والے ہیں‘ کیونکہ تہران کے اس علاقے میں انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے جہاں یہ نشریاتی ادارہ واقع ہے۔

 

انہوں نے ایک بیان میں کہا ’ایرانی پروپیگنڈا اور اشتعال انگیزی کا یہ مائیکروفون غائب ہونے والا ہے۔‘ ان کے مطابق قریبی رہائشیوں کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے۔اے ایف پی


شام چار بج کر 10 منٹ پر 

فرانس میں ایئر شو، اسرائیلی اسلحے کے بوتھ سیل

فرانسیسی حکام نے پیرس ایئر شو میں ایران اور غزہ میں تنازعات کے پیش نظر اسرائیلی اسلحے کی صنعت کے بوتھ سیل کر دیے۔ 

اس فیصلے نے ایرو سپیس انڈسٹری کے اس بڑے ایونٹ میں ڈراما پیدا کر دیا جو گذشتہ ہفتے ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے حادثے کے سائے میں منعقد کیا جا رہا تھا۔ 

پیرس کے مضافاتی علاقے لی بورگیٹ میں تجارتی میلے کے دوران پانچ اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کے سٹینڈز کے ارد گرد سیاہ دیواریں کھڑی کر دی گئیں۔اے ایف پی


دن ایک بج کر 30 منٹ پر 

اسرائیلی حملے میں ایرانی وزارت خارجہ کی عمارت متاثر، کئی شہری تہران چھوڑنے لگے

ایرانی وزارت خارجہ نے اتوار کو اسرائیلی حملوں میں وزارت خارجہ کی عمارت کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’جنگی جرم‘ قرار دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے پریس نیوز کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے ساتھیوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد کئی شہری تہران چھوڑ کر جانے لگے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایران انٹرنیشنل کے ایکس اکاؤنٹ پر شائع ویڈیوز کے مطابق تہران سے باہر جانے والی سڑکوں پر کاروں اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔


دن 12 بج کر 45 منٹ پر 

ایران اور اسرائیل کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں: چین

چین نے ایران اور اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ’فوری طور پر‘ اقدامات کریں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ’ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں، خطے کو مزید انتشار کی طرف جانے سے روکیں اور بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے صحیح راستے پر واپس آنے کے لیے حالات پیدا کریں۔‘


صبح 11 بج کر 30 منٹ پر 

تازہ ایرانی حملوں میں آٹھ اسرائیلیوں کی موت، 100 سے زیادہ زخمی

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسرائیلی آرمی ریڈیو کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات کو ہونے والے ایرانی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

اسرائیل کی ایمرجنی سروس کے اہلکاروں نے روئٹرز کو بتایا کہ ایرانی میزائلوں کے حملوں میں ملک کے مختلف حصوں میں زخمی ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔


صبح 11 بج کر 29 منٹ پر 

اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ آج بند: امریکی سفیر

اسرائیل میں امریکہ کے سفیر مائیک ہکبی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانہ اسرائیل میں آج (پیرکو) سرکاری طور پر بند رہیں گے، کیوں کہ وہاں اب بھی محفوظ مقام پر رہنے کا حکم نافذ ہے۔

تل ابیب میں امریکی سفارت خانے کے قریب ایرانی میزائل حملوں کے دھماکوں سے عمارت کو معمولی نقصان پہندچا تاہم کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔


صبح 11 بج کر 10 منٹ پر 

ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی پر ایک شخص کو پھانسی

روئٹرز نے نیم سرکاری ایرانی نیوز ایجنسی فارس نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے لیے جاسوسی کا مرتکب پائے جانے پر ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق اس شخص کی شناخت اسماعیل فکری کے نام سے ہوئی۔

خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی سے متعلق حالیہ ہفتوں میں یہ تیسری پھانسی ہے.


صبح 10 بج کر 40 منٹ پر 

تازہ ایرانی حملوں میں چار اسرائیلیوں کی اموات، 87 زخمی: اسرائیلی ایمرجنسی سروس

اے ایف پی کے مطابق اسرائیل کی ایمرجنسی سروس نے پیر کو بتایا کہ ایران کے تازہ میزائل حملوں میں اموات کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 87 ہے۔ 

ہنگامی سروس ایم ڈی اے کے بیان کے مطابق وسطی اسرائیل کے چار مقامات پر حملوں کے بعد چار افراد کو مردہ قرار دیا گیا جن میں ’دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ سب کی عمر تقریباً 70 سال ہے۔

’اب تک ایم ڈی اے کی ٹیمیں 87 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر چکی ہیں۔‘


صبح 10 بج کر 15 منٹ پر 

ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں: ایرانی صدر

روئٹرز کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پیر کو کہا کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم وہ جوہری توانائی اور تحقیق کے اپنے حق کا بھرپور دفاع کرے گا۔ انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ان ہتھیاروں کے خلاف دیے گئے فتوے کو بھی دہرایا۔


ایران کے اسرائیل پر تازہ میزائل حملے، کم از کم 67 زخمی

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایران نے پیر کی صبح اسرائیل پر تازہ میزائل حملے کیے جس کے بعد پورے ملک میں فضائی حملے کے سائرن بجا دیے گئے۔ 

ایرانی سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ ایران نے اسرائیل پر کم از کم 100 میزائل داغے۔ اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے۔

تل ابیب میں صبح سے کچھ دیر پہلے شدید دھماکے ہوئے، جو غالباً اسرائیل کے دفاعی نظام کے ذریعے ایرانی میزائلوں کو روکنے کے باعث ہوئے۔ ان دھماکوں نے خطے کے ان حریفوں کے درمیان کھلی جنگ کے چوتھے دن کا آغاز کیا۔ سمندر کنارے واقع بڑے اسرائیلی شہر کے اوپر سیاہ دھوئیں کے بادل آسمان تک بلند ہو گئے۔ 

تل ابیب کے قریب وسطی اسرائیلی شہر پیتاح تکوا کے حکام نے بتایا کہ ایرانی میزائلوں نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس سے عمارت کی کنکریٹ کی دیواریں متاثر ہوئیں، کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور کئی اپارٹمنٹس کو شدید نقصان پہنچا۔

اس حملے میں جانی نقصان کے حوالے سے فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی، جب کہ امدادی کارکن ملبے میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈم ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ وہ میزائل حملوں سے متاثرہ چار مختلف مقامات سے نکالے گئے 67 زخمیوں کا علاج کر رہی ہے۔

سروس کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کو درمیانے اور معمولی زخم آئے۔


اسرائیلی حملے جاری رہنے تک مذاکرات نہیں ہوں گے: ایران کا ثالثوں کو پیغام

ایک ایرانی عہدے دار نے روئٹرز کو بتایا کہ تہران نے ثالثی کرنے والے ممالک قطر اور عمان کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ جب تک اسرائیلی حملے جاری ہیں وہ جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہو گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب دونوں حریف ممالک کے درمیان نئے حملوں کا تبادلہ جاری ہے اور تنازع کے وسیع ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

اس تنازع کی حساسیت کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے عہدیدار نے کہا کہ ’ایران نے قطری اور عمانی ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ صرف اس وقت بامعنی مذاکرات کرے گا جب وہ اسرائیل کے پیشگی حملوں کا جواب مکمل طور پر دے چکا ہو گا۔‘

ایرانی اہلکار کے مطابق ایران نے ’صاف طور پر بتا دیا ہے کہ حملے جاری رہنے تک مذاکرات نہیں ہوں گے۔‘


موساد کے دو ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا: ایرانی پولیس

ایران کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے دو ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق پولیس کمان کے ترجمان سعید منتظر المہدی نے اتوار کو بتایا کہ موساد کے ان دو ایجنٹوں کی شناخت کے بعد انہیں تہران صوبے کے ضلع رے کے علاقے فشافویہ سے گرفتار کیا گیا۔

منتظر المہدی کے مطابق گرفتار شدہ افراد سے 200 کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد، 23 ڈرونز کا ساز و سامان، لانچرز اور دیگر آلات بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک نسان پک اپ ٹرک بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔


ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر میزائل حملے جاری

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے پیر کو ایران پر نئے حملے کیے جن میں میزائل مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل تہران نے رات گئے اسرائیل پر جاں لیوا حملے کیے تھے جن کے بعد دونوں ممالک نے مزید تباہی کی دھمکیاں دیں۔

جمعے سے اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی اس بڑی فوجی مہم کے بعد ایران میں اموات کی تعداد 224 ہو گئی ہے۔

ایرانی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ 1277 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان میں عام شہریوں اور فوجی حکام کی تعداد کتنی ہے۔

دہائیوں سے جاری دشمنی اور پراکسی اور خفیہ کارروائیوں کے طویل پسِ منظر کے بعد، گذشتہ ہفتے اسرائیل کے اچانک حملے نے اب تک کی شدید ترین لڑائی شروع کر دی ہے اور یہ خوف پیدا ہو گیا ہے کہ تنازع طویل ہو کر پورے مشرق وسطیٰ کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

اب تک کی اس شدید ترین لڑائی پر عالمی رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈا میں اس ہفتے منعقد ہونے والے جی سیون اجلاس کے دوران یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ ان دو پرانے حریفوں کے درمیان جاری یہ جنگ وسیع تر علاقائی تنازع کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

جی سیون کے رہنما اتوار کو کینیڈا کے پہاڑی مقام پر جمع ہونا شروع ہو گئے اور امکان ہے کہ اسرائیل اور ایران کے تنازعے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سربراہ اجلاس میں ان کے مقاصد میں یہ شامل ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہ کرے اور نہ ہی ان کے قبضے میں ہوں، اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کو یقینی بنایا جائے، تنازع کی شدت کو بڑھنے سے روکا جائے اور سفارت کاری کے لیے جگہ بنائی جائے۔

مرز نے مزید کہا کہ ’جی سیون سربراہ اجلاس میں یہ معاملہ انتہائی اہم ترجیح ہو گا۔‘

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں میں فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور کئی اعلیٰ کمانڈر اور جوہری سائنس دان مارے گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کے منصوبے سے باز رہنے کو کہا۔

دونوں ممالک میں رہائشی علاقوں پر جان لیوا حملے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے اتوار کو ایران پر عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کی۔

تل ابیب کے قریب ساحلی شہر بات یام میں ایک رہائشی عمارت پر میزائل حملے کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ ’عام شہریوں، عورتوں اور بچوں کے سوچے سمجھے قتل کا ایران کو بہت بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔‘

ان کا یہ بیان ایرانی میزائل حملے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جس میں حکام کے مطابق کم از کم 10 افراد مارے گئے جس سے اسرائیل میں جمعہ سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

جنگ بندی کے مطالبوں کے اتوار کو باوجود اسرائیل اور ایران نے ایک دوسرے پر مزید میزائل حملے کیے اور دونوں ممالک میں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، جب کہ یہ تنازع مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ 

ایران کا کہنا کہ اسرائیل نے اس کی آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا، نیم فوجی دستے پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ اور دو دیگر جرنیلوں کو مارا اور شہری آبادی والے علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ٹرمپ انتظامیہ کا مزید 36 ممالک پر امریکہ میں داخلے پر پابندی پر غور

منگل جون 17 , 2025
Share برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو موصول امریکی محکمہ خارجہ کے ایک داخلی مراسلے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ مزید 36 ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب […]

You May Like