پسنی اور اورماڑہ میں بجلی بل نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری
پسنی ( روزنامہ ایگل حب بلوچستان ) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن مکران سرکل کی ہدایت اور ایکسیئن آپریشن ڈویژن کیسکو گوادر کے احکامات پر ایس ڈی او آپریشن سب ڈویژن کیسکو پسنی نے پسنی اور اورماڑہ میں بجلی بلوں کی ادائیگی اور ریکوری اہداف کو پورا کرنے کے سلسلے میں جاری آپریشن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس مقصد کے تحت بجلی بل نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر سے پسنی اور اورماڑہ کے مختلف فیڈرز پر چار ٹیمیں کارروائی کر رہی ہیں، جنہوں نے مین بازار سمیت مختلف علاقوں میں سینکڑوں نادہندگان سے بجلی بل وصول کیے ہیں۔
یاد رہے کہ کیسکو پسنی نے یکم ستمبر سے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی شروع کرنے کے بارے میں صارفین کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔ اس دوران سینکڑوں کنکشن منقطع کیے جا چکے ہیں اور بقایاجات وصول بھی کیے گئے ہیں۔
کیسکو پسنی کے مطابق پچھلے تین ماہ سے پسنی اور اورماڑہ میں فری لوڈشیڈنگ کا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔ تاہم اگر ستمبر کے ریکوری اہداف مکمل نہ ہوئے تو دوبارہ پرانے لوڈشیڈنگ شیڈول پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس لیے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بجلی بل 100 فیصد ادا کریں تاکہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہمیشہ کے لیے ممکن ہو سکے۔
جن صارفین نے ابھی تک بجلی بل ادا نہیں کیا وہ فوری طور پر اپنے بل جمع کروائیں۔ جبکہ وہ صارفین جو قسطوں میں ادائیگی کر رہے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیسکو پسنی اور اورماڑہ کے دفاتر سے قسطیں کنفرم کروا کر قریبی بینکوں میں بل جمع کریں تاکہ ان کے کنکشن منقطع نہ ہوں۔
کیسکو پسنی نے اپنے معزز صارفین سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے
