پسنی چربندن کے رہنما لطیف لعل کا گوادر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف احتجاجی دھرنا
پسنی ( روزنامہ ایگل حب بلوچستان / رپورٹ قمبر حسین ) پسنی کے علاقے چربندن سے تعلق رکھنے والے لطیف لعل نے گوادر کے رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے خلاف پریس کلب پسنی کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ لطیف لعل پر مبینہ طور پر چھ لاکھ روپے مانگنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جسے انہوں نے مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔
لطیف لعل کا کہنا تھا کہ مولانا ہدایت الرحمان نے بغیر کسی ثبوت کے ان پر ناجائز الزام عائد کیا ہے، جو ان کی عزت اور ساکھ پر دھبہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک الزام کی وضاحت یا ثبوت پیش نہیں کیا جاتا، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔
احتجاج کے دوران معروف سیاسی شخصیت میر سلمان کلمتی بھی موقع پر پہنچے اور لطیف لعل کے موقف کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ثبوت الزامات لگانا نہ صرف ذاتی بلکہ عوامی نمائندوں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے اور اس کی سختی سے مذمت ہونی چاہیے۔
احتجاجی دھرنے میں شریک دیگر افراد نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل شفاف تحقیقات کی جائیں اور عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے تاکہ کسی کی بے گناہی نہ دبا دی جائے اور سیاسی منافرت کا خاتمہ ہو۔
یہ احتجاج ایک واضح پیغام ہے کہ کسی بھی الزام کو بغیر ثبوت قبول نہیں کیا جائے گا، اور عوامی نمائندوں کی ساکھ کو غلط الزامات سے بچانا سب کا حق اور فرض ہے۔

