پسنی میں پی ٹی سی ایل کی ناقص انٹرنیٹ سروس، عوام عاجز گوادر و تربت میں افسران مزے سے بیٹھے، شکایات پر کوئی شنوائی نہیں
پسنی (روزنامہ ایگل حب بلوچستان ) پسنی کے شہریوں کو پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس کی بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار نہایت سست ہے، بعض اوقات مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے، جبکہ ماہانہ بھاری بل باقاعدگی سے وصول کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ پی ٹی سی ایل حکام، جن میں زونل منیجر گوادر، ایکسچینج انچارج پسنی اور ساؤتھ ریجن کوئٹہ شامل ہیں، اس معاملے میں مسلسل چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ نہ صرف سروس ناقص ہے، بلکہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے اضافی بینڈوِڈتھ بھی فراہم نہیں کی جا رہی، جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ طلبہ، آن لائن ورکرز اور کاروباری افراد سبھی متاثر ہیں، اور روزانہ کی بنیاد پر کام رک رہا ہے۔
شہریوں نے پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) اور متعلقہ وزارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر پی ٹی سی ایل کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں اور سروس کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔