اسرائیل کے غزہ شہر پر حملوں میں تیزی، 34 فلسطینی قتل

Share

غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کو غزہ شہر اور پوری غزہ کی پٹی پر حملے جاری رکھتے ہوئے 34 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب آسٹریلیا، بیلجیئم، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 10 ممالک پیر کو باضابطہ طور پر آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ہیں، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے قبل ہوگا۔

پرتگال کی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک اتوار (21 ستمبر) کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ہفتے اسرائیل نے غزہ شہر کی بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے فوجی مہم تیز کر دی ہے، جس کے ساتھ ہی زمینی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

اسرائیلی فورسز جو اس وقت غزہ شہر کے مشرقی مضافات پر قابض ہیں، کئی علاقوں پر شدید گولہ باری کر رہی ہیں، تاکہ شہر کے مرکزی اور مغربی حصوں میں پیش قدمی کر سکیں، جہاں زیادہ تر آبادی پناہ لے رہی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا کے ڈائریکٹر بتاتے ہیں کہ ہفتے کو وہ ڈیوٹی پر تھے اور اسرائیلی حملوں کے زخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھے کہ اسی دوران دو لاشیں ایمرجنسی وارڈ میں لائی گئیں، یہ ان کے بھائی اور بھابھی کی تھیں۔

ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے بتایا کہ ’میں شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہو گیا جب میں نے اپنے بھائی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں دیکھیں۔‘

ان  کا کہنا ہے کہ ’اب کچھ بھی ممکن ہے، آپ اپنے سب سے عزیز رشتہ داروں کو یا تو شہید یا زخمیوں کی صورت میں وصول کرتے ہیں۔ قابض فوج کے جرائم جاری ہیں اور شہدا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔‘

تقریباً دو سال سے جاری اس اسرائیلی جارحیت میں غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق 65 ہزار سے زائد فلسطینی قتل کیے جا چکے ہیں، قحط پھیل گیا ہے، زیادہ تر عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے اور آبادی کی اکثریت کو بار بار بے گھر کیا جا رہا ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

پنجاب: 3 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ گندم برآمد، غیر قانونی سٹاک پر دفعہ 144نافذ

ہفتہ ستمبر 20 , 2025
Share سیلاب کے دوران گندم کی غیر قانونی حد تک ذخیرہ اندوزی کرنے اور تین لاکھ میٹرک ٹن تک کی گندم برامد کیے جانے کے بعد حکومت پنجاب نے گندم کے سٹاک رجسٹر کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سیلاب کے دوران کے غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے نتیجے میں […]

You May Like