بلوچستان: مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملہ، ترک شہری سمیت 10 قتل

Share

مقامی حکام نے جمعرات کو بتایا ہے کہ بلوچستان کے علاقے دریگون میں مائننگ کمپنی نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی سائٹ پر مسلح افراد کے حملے میں ایک ترک شہری سمیت کمپنی کے 10 ملازم جان سے چلے گئے جبکہ واقعے میں دیگر آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

مقامی حکام اور پولیس کے مطابق بدھ کی شام درجنوں مسلح افراد نے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے علاقے دریگون میں مائننگ کمپنی سائٹ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا، جس کے دوران جدید اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے سائٹ پر راکٹ اور بموں سے حملہ کیا۔

دریگون دالبندین سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال مغرب میں ایک دور دراز پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں میں ترک شہری عمر بھی شامل ہیں، جو کمپنی میں ڈرلر کا کام کرتے تھے جبکہ جان سے جانے والے دیگر افراد کا تعلق سندھ اور خیبرپختونخوا  کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے۔

پرنس فہد ہسپتال دالبندین کے سپر وائزر زین سنجرانی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ہسپتال میں 10 افراد کی لاشیں لائی گئیں جبکہ آٹھ زخمی افراد بھی ہسپتال لائے گئے، جنہیں ابتدائی طبی کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

 زین سنجرانی کے مطابق  چھ افراد کی لاشیں جھلسی ہوئی تھیں، جو غالباً آگ سے متاثر ہوئی تھی جبکہ دیگر چار افراد  گولیوں اور بم دھماکے سے بری طرح  متاثر ہوئے تھے۔

ایک انتظامی افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ مسلح افراد کچھ ملازمین کو ساتھ بھی لے گئے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں اور نجی سکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کرتے ہوئے مسلح افراد کا مقابلہ کیا اور دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے باعث تین سکیورٹی گارڈ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کمپنی کی گاڑیوں کو بھی ساتھ لے گئے اور جاتے جاتے ڈرلنگ مشنری، جنریٹر، گاڑیوں اور دیگر جدید  آلات کو بھی آگ لگا دی۔ 

سیکورٹی فورسز اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق یہ کمپنی بلوچستان میں سونے اور تانبے سمیت معدنی وسائل کی تلاش کے لیے کام کر رہی ہے۔

نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’22 اپریل 2026 کو شام تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کے دریگون کے علاقے میں واقع سائٹ پر نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے حملہ کیا گیا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’سکیورٹی فورسز، بشمول فرنٹیئر کور نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنا لیا جبکہ عملے اور اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔‘

اب تک کسی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم اس علاقے میں بہت سے علیحدگی پسند گروپ سرگرم عمل ہیں۔

بلوچستان میں حالیہ برسوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جن میں وہ نہ صرف سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے آئے ہیں بلکہ نجی اداروں پر بھی حملے کرتے رہے ہیں، جن کے خلاف پاکستانی فوج اور ریاستی ادارے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

چین کے راستے کرغزستان سے سامان کا پہلا ٹرک پاکستان پہنچ گیا

ہفتہ اپریل 25 , 2026
Share کرغزستان سے ٹرانزٹ سامان لے کر آنے والا پہلا ٹرک کامیابی سے پاکستان کے سوست ڈرائی پورٹ پہنچ گیا ہے جس سے پاکستان کے لیے افغانستان کے بغیر ایک نئی تجارتی راہداری کا آغاز ہو گیا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق ٹرانزٹ معاہدے کے تحت این ایل سی کی پارٹنر کمپنی کی […]

You May Like