آبنائے ہرمز ایران کے معاہدہ نہ کرنے تک بند رہے گی: ٹرمپ

Share

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع۔

ایران کا آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کے خاتمے تک مذاکرات سے انکار۔

پاکستان کی امریکہ اور ایران کو مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں۔

لائیو اپ ڈیٹس


آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک ایران کوئی معاہدہ نہیں کرتا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی، جب تک ایران کوئی معاہدہ کرنے کے قابل نہیں ہوتا۔

ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا: ’ہمیں آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ کوئی بھی جہاز امریکہ کی بحریہ کی منظوری کے بغیر نہ (آبنائے میں) داخل ہو سکتا ہے اور نہ ہی باہر جا سکتا ہے۔‘

امریکی صدر کے مطابق: ’اسے (آبنائے ہرمز) مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور یہ اسی وقت تک بند رہے گی، جب تک ایران کوئی معاہدہ کرنے کے قابل نہیں ہو جاتا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ایران اس وقت یہ طے کرنے میں شدید مشکلات کا شکار ہے کہ اس کا رہنما کون ہے! انہیں خود بھی معلوم نہیں، اندرونی کشمکش ’سخت گیر‘ عناصر کے درمیان ہے، جو میدانِ جنگ میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں اور ’اعتدال پسند‘ عناصر کے درمیان، جو حقیقت میں زیادہ اعتدال پسند نہیں (لیکن احترام حاصل کر رہے ہیں)، یہ صورت حال انتہائی عجیب ہے۔‘

اپنی ایک اور پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کسی بھی کشتی کو فوری طور پر نشانہ بنا کر تباہ کر دے، خواہ وہ چھوٹی ہی کیوں نہ ہو۔

ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ان (ایران) کے بحری جہاز، جو تعداد میں 159 ہیں، پہلے ہی سمندر میں غرق ہو چکے ہیں اور اس کارروائی میں کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کے مطابق آبنائے ہرمز کے پانیوں میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر امریکی مائن سویپرز پہلے ہی بارودی سرنگوں کو ہٹانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس کارروائی کو جاری رکھنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ اس کی رفتار کو تین گنا بڑھایا جائے۔


وزیراعظم شہباز شریف کی چینی سفیر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر غور

وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ  کے درمیان جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور پاکستان کی امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ’مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششیں بھی زیرِ بحث آئیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ چینی سفیر نے خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔


تہران سے مذاکرات ایران کی ’خوشامد‘ کے مترادف: رضا پہلوی

ایران کے معزول شاہ کے بیٹے رضا  پہلوی نے جمعرات کو کہا کہ تہران کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات دراصل ’ایران کی مذہبی قیادت‘ کی ’خوشامد‘ کے مترادف ہیں۔

برلن میں صحافیوں سے گفتگو میں رضا پہلوی نے امید ظاہر کی کہ نئے سرے سے ہونے والے عوامی احتجاج حکومت کو گرا دیں گے۔

65  سالہ پہلوی کا برلن کے دورے کے دوران جہاں کچھ حامیوں نے استقبال کیا تاہم انہیں سخت مخالفین کا بھی سامنا کرنا پڑا جہاں ایک کارکن نے ان پر سرخ رنگ پھینک دیا جسے بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔

رضا پہلوی نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ’ایرانی رجیم‘ کے خلاف دیگر اقدامات کریں، جیسے ایرانی سفیروں کو ملک بدر کرنا اور ایرانی شہریوں کو بلاک شدہ انٹرنیٹ تک رسائی دلانے میں مدد دینا۔

انہوں نے کہا: ’جنگ بندی اور مذاکرات کا پورا بیانیہ اب بھی اس سوچ پر مبنی ہے کہ آپ ایسے لوگوں سے معاملہ کریں گے جو اچانک عملی سوچ رکھنے والے بن گئے ہیں۔‘

پہلوی نے الزام لگایا کہ ایران نے ’ہزاروں بے گناہ شہریوں کو قتل کیا ہے اور یورپ کو ان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے خطرہ لاحق ہے۔ کوئی معاہدہ اس مسئلے کو حل نہیں کرے گا، کوئی مذاکرات اسے ختم نہیں کر سکتے۔ یہ ان کی فطرت میں شامل ہے۔‘ (اے ایف پی)


ایران کو آبنائے ہرمز ٹول کی مد میں پہلی آمدن موصول: نائب سپیکر

ایران کے ایک سینیئر پارلیمانی عہدیدار نے جمعرات کو بتایا کہ تہران کو آبنائے ہرمز پر ٹول کے نفاذ کے بعد پہلی آمدن ہوئی ہے۔

اے ایف پی نے تسنیم نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی پارلیمان کے نائب سپیکر نے بتایا ہے کہ ’مرکزی بینک کے اکاؤنٹ میں آبنائے ہرمز ٹول کی مد میں حاصل ہونے والی پہلی آمدن جمع کروا دی گئی ہے۔‘


لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج واشنگٹن میں ہو گا

ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا دوسرا دور کب ہو گا یہ واضح نہیں البتہ اسرائیل اور لبنان میں بات چیت کا دوسرا دور جمعرات کو واشنگٹن میں ہو رہا ہے۔

گذشتہ ہفتے اسرائیل اور لبنان میں 10 روزہ جنگ بندی کا نفاذ ہوا تھا اور اب ایک بار پھر دونوں فریقین بات چیت کرنے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب بدھ کو ایران نے آبنائے ہرمز میں تین جہازوں پر فائرنگ کی اور ان میں سے دو کو قبضے میں لے لیا، جس سے اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری نقل و حمل پر مزید دباؤ بڑھ گیا۔

رواں ہفتے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی میں توسیع کی تھی، تاہم ایران کے بندرگاہوں پر امریکی پابندی برقرار رکھی گئی۔

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی نے عملی طور پر آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونے والی تقریباً تمام برآمدات کو متاثر کر دیا ہے، جہاں معمول کے حالات میں دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل گزرتا ہے۔


جنگ بندی میں توسیع خوش آئند، ایران سے بھی مثبت پیش رفت کی امید: پاکستانی وزیر داخلہ

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نے نقوی سے جمعرات کو امریکہ کی سفیر نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع خوش آئند ہے‘ اور ان کے بقول یہ فیصلہ کشیدگی میں کمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

’ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔‘

وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد کے حوالے سے سفارتی کاوشوں پر بھی بات چیت  کی۔

’ملاقات میں تنازعہ کے دیرپا حل کے سفارتی چینلز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر  مسئلے کے حل کے لیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ’امید ہے کہ فریقین سفارتی اور پر امن حل کو موقع دیں گے۔‘


امریکی بحریہ کے سیکریٹری جان سی فیلن ٹرمپ انتظامیہ سے الگ ہو گئے

پینٹاگون نے جمعرات کو بتایا کہ امریکی بحریہ کے سیکریٹری جان سی فیلن فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

جان فیلین کے عہدے سے مستعفی ہونے کی یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

بینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ فیلین ’فوری طور پر انتظامیہ چھوڑ رہے ہیں‘، اور ان کی جگہ عبوری طور پر انڈر سیکریٹری ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

تاہم جان سی فیلین کے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔

رواں ماہ عہدہ چھوڑنے والے جان سی فیلن دوسرے اعلیٰ سطحی امریکی فوجی عہدیدار ہیں۔ ان سے پہلے اپریل میں ہی امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسِتھ نے آرمی چیف آف سٹاف رینڈی جارج سے اپنے عہدہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔


صدر ٹرمپ امن تجاویز کے لیے کچھ حد تک نرمی کرنے پر آمادہ: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن تجاویز کے لیے ایران کو کچھ حد تک نرمی دینے کی پیشکش کر رہے ہیں اور انہوں نے یہ طے نہیں کیا کہ ایران کب تک امن کی تجویز پیش کرے۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ ’صدر نے خود کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی۔ بالآخر وہی اس کے وقت کا تعین کریں گے۔‘

انہوں نے اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران سے کسی امن منصوبے کے لیے کوئی واضح ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی، بلکہ وقت کا فیصلہ خود صدر کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ صدر نے جنگ بندی میں توسیع کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ایران کو اپنے معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے۔

’امریکہ اور صدر ٹرمپ نے ابتدا ہی سے اپنے مطالبات، اپنی سرخ لکیریں اور وہ چیزیں واضح کر دی ہیں جو امریکی عوام، ملک، اور اپنے اتحادیوں کے بہترین مفاد میں ضروری ہیں۔‘


امریکہ اور ایران آبنائے ہرمز میں آمنے سامنے

امریکہ اور ایران میں جنگ بندی میں توسیع کے باوجود آبنائے ہرمز کی صورت حال اب بھی کشدیدہ ہے جہاں امریکہ نے متعدد جہازوں کو واپس بھیجنے اور ایران نے ایک اور بحری جہاز پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ایسوسی ایٹڈ پریس نے جمعرات کو ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسیاں کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پاسداران انقلاب نے بدھ کو آبنائے ہرمز میں تیسرے جہاز پر حملہ کیا۔

نور نیوز، فارس اور مہر نے بتایا کہ پاسداران انقلاب نے یوفوریا نامی بحری جہاز کو نشانہ بنایا جو ایرانی ساحل پر ’پھنس‘ گیا ہے۔ تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی جمعرات کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باعث 30 سے زائد جہاز متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر بتایا کہ 10 ہزارہ سے زائد فوجیوں، 100 سے زائد لڑاکا اور نگرانی کرنے والے طیاروں کے ساتھ کی گئی ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے باعث اب تک 31 سے زائد جہازوں کو واپس جانے یا بندرگاہ کی طرف لوٹنے کی ہدایت دی۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

مسجد اقصیٰ: پاکستان دیگر ممالک کی اسرائیلی اقدام کی مذمت

ہفتہ اپریل 25 , 2026
Share پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعرات کو مقبوضہ بیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت میں اسرائیلی حکام کی جانب سے خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں اسرائیلی آبادکاروں اور انتہاپسند وزرا کی جانب سے مسجد اقصیٰ […]

You May Like