اسلام آباد: ٹیکس تنازعے کے بعد بند ہونے والا سعید بک بینک کھل گیا

Share

پاکستان کے بڑے کتب خانوں میں شمار ہونے والا اسلام آباد میں واقع سعید بک بینک ایک روز سیل رہنے کے بعد عدالت سے حکم امتناع ملنے پر دوبارہ کھول دیا گیا۔

سعید بک بینک کو فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) انٹیگریشن کی مبینہ خلاف ورزی پر نو ستمبر کو سیل کیا تھا۔

کتب خانے کے مالکان نے اس پر عدالت سے رجوع کیا تھا، جہاں سے حکم امتناع ملنے کے بعد 10 ستمبر کو اسے ڈی سیل کر دیا گیا۔

سعید بک بینک 1955 میں پشاور میں قائم ہوا تھا جس کے بعد اس کی ایک شاخ 1999 میں اسلام آباد میں کھلی۔

پی او ایس سسٹم ایک الیکٹرانک نظام ہے جسے ایف بی آر نے مخصوص دکانوں، ریستورانوں اور بڑے کاروباروں کے لیے لازمی قرار دیا ہے تاکہ ہر فروخت براہ راست ایف بی آر کے پورٹل پر رپورٹ ہو۔

اس نظام کے ذریعے حکومت کو ریئل ٹائم یعنی فروخت کا فوری ریکارڈ ملتا ہے۔ ایف بی آر پی او ایس سسٹم کو سیلز ٹیکس کی موثر وصولی کے لیے استمعال کرتا ہے۔

ایف بی آر کے ایک عہدے دار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سیل کرنے سے قبل سعید بک بینک کو پوائنٹ آف سیل انٹیگریشن کا نوٹس باقاعدہ طور پر جاری کیا گیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ دکان صرف کتب ہی نہیں بلکہ دیگر اشیا بھی فروخت کرتی ہے، لہٰذا یہ پی او ایس انٹیگریشن کی پابند تھی۔

’چونکہ دکان پی او ایس کے ساتھ منسلک نہیں تھی، اسی لیے اسے سیل کیا گیا۔‘

ایف بی آر عہدے دار کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں میں بڑے سٹیشنری سٹورز/سیکٹر اب تک غیر مطابقت (نان کمپلائنٹ) کا شکار ہیں یا سب سے زیادہ نظرانداز کیے گئے ہیں، حالانکہ ان کی فروخت کا حجم بہت زیادہ ہے۔

سعید بک بینک کے مالک احمد سعید نے انڈپینڈنٹ اردو کو بھیجے گئے بیان میں بتایا کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے لیے کتب اور سٹیشنری کی فروخت سیلز ٹیکس سے مستثنی ہیں۔

عدالت کو جمع کروائی گئی درخواست میں، جس کی کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے پاس موجود ہے، موقف اختیار کیا گیا کہ پی او ایس انٹیگریشن کا اصل مقصد ٹیکس سپلائز کی نگرانی کرنا اور سیلز ٹیکس کی چوری کو روکنا ہے۔

درخواست کے مطابق جہاں ٹیکس کے قابل فروخت موجود ہی نہ ہو وہاں ’پی او ایس انسٹالیشن کی شرط غیر ضروری‘ ہے اور سیل کرنے کا انتہائی اقدام ’دائرہ اختیار سے باہر‘ ہے۔

سعید بک بینک کے مالک نے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں مزید قانونی چارہ جوئی کریں گے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

فلسطینی ریاست نہیں بننے دیں گے: اسرائیلی وزیر اعظم کا اعلان

جمعرات ستمبر 11 , 2025
Share اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے جمعرات کو کہا ہے کہ فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو گی۔ یہ اعلان انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک بڑے یہودی آبادیاتی منصوبے کی دستخطی تقریب سے خطاب میں کیا۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کے […]

You May Like