سٹی چیئرمین کا بیان مایوس کن، عملی اقدامات کی کمی نمایاں . لالا سیلانی
پسنی ( رپورٹ قمبر حسین / روزنامہ ایگل حب بلوچستان ) پسنی خادمِ پسنی لالا سیلانی نے کہا ہے کہ پسنی کے سٹی چیئرمین میر نور احمد کلمتی اور وائس چیئرمین فہیم جوہر کی جانب سے ماہی گیروں کو سمندری طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت اگرچہ ایک مثبت قدم ہے، مگر صرف بیان دینا کافی نہیں۔ ایسے مواقع پر عملی اقدامات ہی عوامی نمائندگی کا اصل ثبوت ہوتے ہیں۔
لالا سیلانی نے کہا کہ سمندری طوفان جیسے حالات میں سٹی حکومت کا کردار صرف مشورہ دینے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انتظامیہ، فشریز ڈیپارٹمنٹ، کوسٹ گارڈز اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر فوری عملی حکمتِ عملی ترتیب دینی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیروں کو بروقت معلومات، محفوظ جگہیں، اور ہنگامی سہولتیں فراہم کرنا سٹی چیئرمین کی ذمے داری ہے۔ عوام ایسے وقت میں نمائندوں سے محض بیانات نہیں بلکہ عملی مدد کی توقع رکھتے ہیں۔
لالا سیلانی نے مزید کہا کہ یہ بیان مایوس کن ہے کیونکہ اس میں کسی عملی پلان یا زمینی اقدامات کا ذکر نہیں۔ اگر چیئرمین واقعی عوام کے خیرخواہ ہیں تو انہیں خود میدان میں آنا چاہیے، ماہی گیروں کے درمیان جا کر حالات کا جائزہ لینا چاہیے، اور اپنی قیادت کو عمل سے ثابت کرنا چاہیے۔

