عراق کا پاکستانی جے ایف-17 تھنڈر طیاروں میں دلچسپی کا اظہار

Share

پاکستان فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں بتایا کہ عراق نے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں اور سپر مشاق تربیتی طیاروں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

پاکستان فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اس بیان کے مطابق پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ محند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا ’ملاقات کے دوران دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تربیت، صلاحیت سازی اور عملی تعاون کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔‘

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ’عراقی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کو سراہا، عالمی معیار کی تربیت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں اور سپر مشاق تربیتی طیاروں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔‘

انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب حالیہ دنوں میں کئی ممالک نے پاکستان سے اس طیارے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جن میں سعودی عرب، بنگلہ دیش، آذربائیجان اور مشرقی لیبیا شامل ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ روز ہی برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستانی فضائیہ کے ایک سابق اعلیٰ افسر اور تین ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان سوڈان کو ہتھیار اور جیٹ طیارے فراہم کرنے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کا معاہدہ طے کرنے کے حتمی مراحل میں ہے۔ 

چین کے تعاون سے بنے جے ایف 17 تھنڈر کو پاکستان نے پہلی مرتبہ 27 فروری، 2019 کو انڈیا کے خلاف میدان میں اتارا تھا اور پہلے ہی معرکے میں اس نے انڈین طیارہ مار گرایا تھا۔

ایک انجن پر مشتمل کثیر المقاصد جے ایف 17 تھنڈر ایک جدید، ہلکا، ہر موسم میں، دن رات پرواز کرنے کی صلاحیت رکھنے والا لڑاکا طیارہ ہے، جسے پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس، کامرہ اور چین کی چینگڈو ایئرکرافٹ انڈسٹری کارپوریشن نے مشترکہ طور پر 1999 میں تیار کیا۔

بعد ازاں طیارے میں مزید بہتری لائی گئی اور 2006 میں دوبارہ تربیتی پرواز کے بعد مارچ 2007 میں پاکستان ایروناٹیکل کملیکس کامرہ نے دو طیارے پاکستان فضائیہ کے حوالے کیے۔

پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس جے ایف 17 طیارے کے فریم کی مشترکہ پیداوار میں 58 فیصد حصہ رکھتا ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ایران میں احتجاج: پاکستان کی اپنے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

ہفتہ جنوری 10 , 2026
Share ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں کے پیش نظر حالات بہتر ہونے تک پاکستان نے ہفتے کو اپنے شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا: ’اپنی حفاظت اور سلامتی […]

You May Like