پاکستان جامع مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے: شہباز شریف 

Share

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کو آج 25واں دن ہے۔

 امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔

اس جنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹس۔


رات 11 بج کر 55 منٹ

ایران نے مجھے ’بہت بڑا تحفہ‘ دیا ہے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ ایران نے انہیں تیل اور گیس کی شکل میں ایک ’بہت بڑا تحفہ‘ دیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق، انہوں نے تفصیلات پیش کیے بغیر کہا کہ ’انہیں تہران کے رہنماؤں پر نیا اعتماد ہے۔‘

ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا تحفہ تھا، جس کی قیمت بہت زیادہ تھی۔‘


رات 11 بج کر 45 منٹ

مذاکرات کے باوجود جنگی منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی اطلاعات کے باوجود ایران اور لبنان کے خلاف جنگ کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی پرواہ کیے بغیر ایران اور لبنان کے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔


رات 11 بج کر 40 منٹ

جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات ’ابھی‘ جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہران ’اتنی بری طرح سے‘ معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے۔

ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں کو بتایا، ’ہم ابھی بات چیت کر رہے ہیں۔‘ 

انہوں نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، سکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو، ایلچی سٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر ان مذاکرات میں شامل ہیں۔ (اے ایف پی)


رات 11 بج کر 15 منٹ

ٹرمپ کا سفارت کاری پر غور، ایران کے خلاف جنگ جاری: وائٹ ہاؤس

امریکی صدر کی جانب سے تہران اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کے ممکنہ ثالث کے طور پر سامنے آنے کے بعد منگل کو وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں یہاں تک کہ وہ ’سامنے آنے والے نئے‘ سفارتی آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پریس سکریٹری کیرولین لیویٹ نے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا، ’جیسا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے مذاکرات کار سفارت کاری کے اس نئے امکانات کو تلاش کر رہے ہیں، آپریشن ایپک فیوری کمانڈر اِن چیف اور پینٹاگون کے طے کردہ فوجی مقاصد کے حصول کے لیے بلا روک ٹوک جاری ہے۔‘


رات 10 بج کر 55 منٹ

اقوام متحدہ کی حقوق کونسل ایران کے خلیجی حملوں پر بحث کرے گی 

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل خلیجی خطے کے ممالک پر ایران کے حملوں اور شہریوں پر ان کے اثرات پر بدھ کو ایک غیر معمولی بحث کرے گی۔

منگل کو منظور ہونے والے اس اجلاس کی درخواست بحرین کی جانب سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے چھ ممالک اور اردن نے کی تھی۔ 

اے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کا اعلیٰ انسانی ادارہ ’بحرین، اردن، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف ایران کی طرف سے شروع کی گئی حالیہ فوجی جارحیت پر بحث کرے گا… شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا، جس کے نتیجے میں معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں۔‘ 

بحرین کے سفیر عبداللہ عبداللطیف عبداللہ نے منگل کو کونسل کو بتایا کہ ’ہمارے ممالک مسلح تصادم کے فریق نہیں ہیں اور نہ ہی ہم نے فوجی جارحیت یا حملوں میں حصہ لیا ہے۔‘


رات 10 بج کر 35 منٹ

علاقائی صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کو قومی مفاد میں محدود کیا گیا: محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج موجودہ علاقائی صورتحال اور ’وسیع تر قومی مفاد‘ کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں ٹرافی کی رونمائی اور آفیشل ترانے کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے شائقین سے کہا کہ ’علاقائی صورتحال کے پیش نظر پی ایس ایل کو قومی مفاد میں محدود کیا گیا ہے۔ میں تمام کرکٹ فینز سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کا مفاد ہر چیز سے مقدم ہے اور انہیں یقین ہے کہ ’آج کی یہ قربانی کل کے لیے آسانی کا سبب بنے گی۔‘


رات 10 بج کر 30 منٹ

حج شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کی کوئی اطلاع نہیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیر

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے حج شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا تاخیر کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فریضہ حج کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر یقین کریں۔

ریاض میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد فاروق کا کہنا تھا ’ہمارے پاس حج شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر کے حوالے سے ایسی کوئی اطلاع موجود نہیں ہے۔ حکومتِ پاکستان اور ہمارا حج مشن گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تمام انتظامات مکمل کر چکا ہے۔‘

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کے حالیہ بیان کے مطابق، حج انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور پہلی حج فلائٹ 18 اپریل کو پاکستان سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔

سفیر احمد فاروق نے امید ظاہر کی کہ ’انشاللہ حج اسی اچھے انداز میں منعقد ہوگا جیسے پہلے ہوتا رہا ہے۔‘


رات 9 بج کر 45 منٹ

لبنان میں ایرانی سفیر ناپسندیدہ قرار

لبنان کی وزارت خارجہ نے منگل کو کہا کہ اس نے ایرانی سفیر کی منظوری واپس لے لی ہے اور انہیں ملک (لبنان) چھوڑنے کے لیے اتوار تک کی مہلت دی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق، وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس نے لبنان میں ایرانی ناظم الامور کو طلب کیا ہے اور انہیں ’مقرر کردہ ایرانی سفیر محمد رضا شیبانی کی منظوری واپس لینے اور انہیں ناپسندیدہ قرار دینے کے لبنانی ریاست کے فیصلے سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگلے اتوار سے پہلے لبنانی سرزمین چھوڑ دیں۔‘

وزارت نے کہا کہ اس نے ایران میں لبنان کے سفیر کو بھی طلب کیا ہے ’اس کی روشنی میں جسے لبنانی ریاست نے تہران کی طرف سے سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی اور دونوں ممالک کے درمیان قائم کردہ طرز عمل کے طور پر بیان کیا ہے۔‘


رات 9 بج کر 30 منٹ

ترکی ایران میں امن کے لیے کام جاری رکھے گا: صدر اردوغان

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ (روئٹرز)


رات 8 بج کر 30 منٹ

پاکستان جامع مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے: شہباز شریف، امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر بیان شیئر کر دیا

امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی اس ایکس پوسٹ کو ٹروتھ سوشل پر شئیر کیا ہے

جس میں انہوں نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے مفاد میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم اور مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کی رضامندی سے مشروط، پاکستان جاری تنازع کے جامع تصفیے کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کو اعزاز سمجھتا ہے۔

شام 5 بج کر 27 منٹ

پاکستان مشرق وسطیٰ تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے پرعزم: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو کہا ہے کہ ’پاکستان، اپنی دیرینہ پالیسی کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ / خلیجِ فارس میں جاری تنازع کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور بات چیت کے ذریعے کوششوں کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سفارت کاری اور مذاکرات کے عمل میں اکثر بعض معاملات کو رازداری کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا میڈیا سے گزارش ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کرے اور فیصلوں اور نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کرے۔‘


شام 5 بجے

آبنائے ہرمز صرف مخالف ملکوں کے جہازوں کے لیے بند ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے منگل کو کہا ہے کہ آبنائے ہرمز غیر مخالف ممالک کے جہازوں کے لیے کھلی ہے، جبکہ کشیدگی کی موجودہ صورتحال امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کا نتیجہ ہے۔

فارس نیوز کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے ٹیلیفونک گفتگو میں عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور آبنائے ہرمز میں سکیورٹی خدشات براہِ راست امریکی اور اسرائیلی حملوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب جوہری مذاکرات جاری تھے، جو حملہ آوروں کے دوہرے رویے کو ظاہر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے، فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد سے شدید متاثر ہے۔ سیکڑوں بحری جہاز اس علاقے میں رکے ہوئے ہیں جبکہ عالمی شپنگ کمپنیاں اور تیل برآمد کنندگان سکیورٹی خدشات کے باعث آپریشنز روک چکے ہیں۔

آبنائے ہرمز میں ٹینکرز کی آمد و رفت متاثر ہونے سے عالمی توانائی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے پاور پلانٹس پر حملے کیے تو تہران آبنائے ہرمز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر سکتا ہے۔

گفتگو کے دوران جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے جنگ میں ایرانی شہریوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور خطے کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جاری کشیدگی عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورتحال کے تناظر میں۔

انہوں نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


شام 4 بج کر 45 منٹ

ملک کو غیر مستحکم کرنے کے الزام میں 466 افراد گرفتار: ایرانی میڈیا

ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نے منگل کو 466 افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا، جن پر آن لائن سرگرمیوں کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ایرانی پولیس کے حوالے سے کہا، ’ان افراد نے عوامی رائے میں انتشار پھیلانے، معاشرے میں خوف اور اضطراب پیدا کرنے، عدم تحفظ کو فروغ دینے اور دشمن کے حق میں پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی۔‘

نیوز ایجنسی نے آن لائن سرگرمی کی درست نوعیت یا گرفتاریوں کی تاریخوں کی وضاحت نہیں کی۔

ایرانی حکام نے 28 فروری کو جنگ کے آغاز کے بعد سے انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔

انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس نے منگل کو ایکس پر لکھا کہ ’ایران کا انٹرنیٹ بلیک آؤٹ 576 گھنٹوں کے بعد اپنے 25ویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔‘

تقریبا ایک ماہ سے، صرف چند مجاز افراد کو ایران میں دنیا بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے۔


دن 1 بج کر 38 منٹ

ایران میں گیس تنصیبات اور پائپ لائن پر اسرائیل-امریکہ حملہ

ایرانی میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے توانائی کی تنصیبات پر حملے نہ کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل-امریکہ حملے میں دو گیس تنصیبات اور ایک پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ’اصفہان میں اسرائیل اور امریکی دشمن کے جاری حملوں میں گیس ایڈمنسٹریشن بلڈنگ اور گیس پریشر ریگولیشن سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

ایرانی میڈیا کے مطابق مرکزی ایران میں تنصیبات کو ’جزوی نقصان‘ پہنچا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فارس نیوز ایجنسی اس واقعے کو رپورٹ کرنے والا واحد ادارہ ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حملے میں خرمشہر گیس پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔


دن 12 بج کر 50 منٹ

ایران کے تل ابیب پر حملے، چھ افراد زخمی

اسرائیلی پولیس کے مطابق منگل کو ایران کے تازہ میزائل حملے میں تل ابیب کے متعدد مقامات کو نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ منگل کو ایرانی حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کے میگن ڈیوڈ ایڈم ایمرجنسی میڈیکل سروس کا کہنا ہے کہ ’چار مختلف مقامات پر چھ افراد کو معمولی چوتیں آئی ہیں۔‘

حملے کے بعد جاری کی گئی ویڈیوز میں ایسی عمارتوں اور گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے کہ جنہیں جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔


دن 12 بجے

پاکستانی اور مصری وزرائے خارجہ کی خطے کی صورت حال پر گفتگو

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی منگل کی شب اپنی مصری ہم منصب بدر عبد العاطي سے گفتگو ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورت حال کا جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے کشیدگی کے فوری خاتمے اور امن و سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔


صبح 09 بج کر 30 منٹ

ایران کا روشن مستقبل ’فوج اور عوام کا مرہون منت‘

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کی افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ’ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ‘ دیتے ہیں۔

مسعود پزشکیان نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’میں مسلح افواج اور وطن کے پرجوش محافظوں کے ہاتھوں اور بازوؤں کو بوسہ دیتا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملک کا روشن مستقبل اور اس سرزمین کے بچوں کا محفوظ اور پُرامن کل عوام کی مزاحمت، ثابت قدمی اور ایران کے محافظوں کے ساتھ ان کے مقدس اتحاد کا مرہون منت ہے۔‘


صبح 08 بج کر 50 منٹ

ایران کا اسرائیل پر تازہ حملہ

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کی ایک اور لہر داغ دی، اس سے قبل شمالی علاقے میں ایک عمارت پر حملہ ہوا جبکہ بیت المقدس میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ٹیلی گرام پر لکھا: ’ایران نے مقبوضہ علاقوں کی جانب میزائلوں کی نئی لہر فائر کر دی۔‘

کچھ ہی لمحوں بعد اس نے کہا کہ ’ایرانی میزائل کئی اسرائیلی دفاعی نظام کو عبور کر گئے۔‘

میگن ڈیوڈ آدوم کی ایمرجنسی سروسز نے اسرائیل کے شمال میں ایک تباہ شدہ عمارت کی ویڈیو جاری کی اور بتایا کہ اس واقعے میں کوئی جان سے نہیں گیا۔

اسرائیلی فوج نے بعد ازاں منگل کی صبح متعدد اعلانات میں کہا کہ اسے ایرانی میزائلوں کی آمد کا پتہ چلا ہے اور وہ انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


صبح 08 بج کر 30 منٹ

مذاکرات کے لیے امریکی وفد پاکستان پہنچے گا تاہم ایران ’تیار نہیں‘

ترک نیوز ایجنسی انادولو نے پاکستانی وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی وفد ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک یا دو دن میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔

تاہم انادولو کی رپورٹ کے مطابق ایران ’عدم اعتماد‘ کی وجہ سے ’اب تک اس کے لیے تیار نہیں‘ ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارت خادجہ کے ذرائع کے مطابق ’ایران کو مذاکرات کے لیے آنے پر آمادہ کرنے کے لیے بیک ڈور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ترکی، اور مصر ’اس کوشش کی مشترکہ رہنمائی کر رہے ہیں۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

یہودی تنظیم کی ایمبولینسوں پر حملے کی ہیٹ کرائم کے طور پر تفتیش: برطانیہ

بدھ مارچ 25 , 2026
Share برطانوی پولیس نے پیر کو کہا کہ وہ ایک یہودی تنظیم کے زیر انتظام چلنے والی رضاکار ایمبولینسوں کو آگ لگائے جانے کے بعد ایک مشتبہ آتش زنی کے واقعے کی یہود مخالف ہیٹ کرائم کے طور پر تفتیش کر رہے ہیں۔ لندن میں ان چار گاڑیوں کو آگ […]

You May Like