سہ ملکی دورہ: سعودی عرب اور قطر کے بعد وزیراعظم ترکی پہنچ گئے

Share

وزیراعظم شہباز شریف اپنے سہ ملکی دورے کے سلسلے میں سعودی عرب اور قطر کے بعد جمعرات کو ترکی پہنچ گئے، جہاں وہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔

گورنر انطالیہ ہلوسی شاہین نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقعے پر ترکی میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کل پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے، جس کے دوران وہ ’لیڈرز پینل‘ میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

اس موقعے پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوغان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے وزیراعظم کے ترجمان مشاہد زیدی بھی پاکستانی وفد میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

قطر میں فضائیہ کے طیاروں کے حصار میں وزیراعظم کا استقبال

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو قطر پہنچنے پر قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اپنے حصار میں ایئرپورٹ چھوڑا جس پر انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان امیری دیوان میں ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں ’دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔‘

امیر قطر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا، جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا کہ ’دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، خاص طور پر توانائی کی ترسیل کے نظام کو بلا تعطل جاری رکھنے کے حوالے سے۔‘

ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا، ’بالخصوص سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت ہوئی تاکہ شراکت داری مزید مضبوط ہو اور نئے مواقع پیدا ہوں۔‘

اس ملاقات میں قطر کی جانب سے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی، امیری دیوان کے سربراہ عبداللہ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِاعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر سینیئر حکام شامل تھے۔

امیرقطر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان ایک علیحدہ ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر موجودہ حالات اور ان کے علاقائی سلامتی پر اثرات کے پیش نظر مسلسل رابطہ اور مشاورت جاری رہنی چاہیے۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ہری پور صنعتی زون: گیس پائپ لائن میں لگی آگ رہائشی عمارتوں تک پھیلنے سے 8 اموات

جمعرات اپریل 16 , 2026
Share پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق جمعرات کو خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں واقع حطار صنعتی زون میں گیس پائپ لائن میں لگی آگ پر تو قابو پالیا گیا لیکن قریبی رہائشی عمارتوں کے آتشزدگی کی زد میں آنے کے باعث اب تک آٹھ افراد جھلس کر […]

You May Like