یوکرین تنازع میں شہریوں کے ملوث ہونے کا الزام بےبنیاد، وضاحت طلب کریں گے: پاکستان

Share

پاکستان نے منگل کو زیلینکسی کی جانب سے یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزام کو ’بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر یوکرینی حکام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں زیلینسکی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’اب تک یوکرینی حکام کی جانب سے پاکستان سے باضابطہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔‘

یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے پیر کو الزام عائد کیا تھا کہ شمال مشرقی یوکرین میں یوکرینی فوجی غیر ملکی ’کرائے کے سپاہیوں‘ سے لڑ رہے ہیں جن کا تعلق چین اور پاکستان سمیت افریقہ کے مختلف علاقوں کے ساتھ ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زیلنسکی نے شمال مشرقی خارکیف کے محاذ کے دورے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا ’ہم نے کمانڈروں سے محاذ کی صورت حال، ووچانسک کے دفاع اور لڑائی میں پیش رفت پر بات کی۔

‘اس محاذ پر ہمارے جنگجو بتا رہے ہیں کہ جنگ میں چین، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان اور افریقی ممالک کے کرائے کے سپاہی حصہ لے رہے ہیں۔ ہم اس کا جواب دیں گے۔‘

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’حکومت پاکستان یوکرین کے ان بےبنیاد اور من گھڑت دعوؤں کو مسترد کرتی ہے۔ اب تک ایسے دعوؤں کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق شواہد نہیں پیش کیے گئے۔

’حکومت اس معاملے کو یوکرینی حکام کے ساتھ اٹھائے گی اور اس بارے میں وضاحت طلب کرے گی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔‘

یوکرینی صدر زیلنسکی اس سے پہلے بھی ماسکو پر یوکرین کے خلاف جنگ میں چینی جنگجو بھرتی کرنے کا الزام لگا چکے ہیں، جس کی بیجنگ نے تردید کی تھی۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نیب کو بحریہ ٹاؤن کے اثاثے نیلام کرنے کی اجازت دے دی

منگل اگست 5 , 2025
Share اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کو ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے نیب کو پراپرٹی نیلام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے منگل کو مختصر فیصلے میں نیب کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کو […]

You May Like