کراچی پولیس اور حکام کے مطابق جمعرات کو صدر کے علاقے میں ایم اے جناح روڈ پر ال آمنہ نامی پلازہ میں آتش بازی کی ایک دکان میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی ہے جبکہ جھلس کر زخمی ہونے والا ایک نوجوان ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر آتش بازی کی دکان میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والا کاشف نامی نوجوان جناح ہسپتال میں دوران علاج جان سے گیا۔
وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آتش بازی کی دکان میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 20 افراد کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس سے قبل سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مہزور علی نے بتایا تھا کہ یہ دھماکہ پریڈی تھانے کی حدود میں واقع حنیف فائر ورک نامی دکان میں ہوا تھا جو لائسنس یافتہ دکان ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے مہزور علی نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار پہنچ گئی تھی۔
مہزور علی نے بتایا تھا کہ ابتدا میں 17 زخمی افراد کو متاثرہ عمارت سے نکالا گیا تھا جبکہ کچھ لوگ عمارت میں پھنسے ہوئے تھے۔
ان کے مطابق دھماکے کے باعث عمارت کے کچھ حصوں میں آگ لگ گئی تھی تاہم 90 فیصد آگ پر قابو جلد ہی پالیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کراچی جنوبی جاوید نبی کھوسو نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عمارت میں ایک سے زائد دکانیں ہیں، جن کے پاس بڑے بڑے گودام بھی ہیں، جہاں بڑی مقدار میں آتش گیر مواد رکھا ہوا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کی دکان میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوشش کی جائے اور کوشش کی جائے کہ کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہ ہو۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
بیان میں کمشنر کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہر اور آبادی کے درمیان ایسے کسی بھی مواد کی تیاری کی اجازت نہ دی جائے جو نقصان کا باعث بنے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق جائے وقوع پر پولیس کی نفری پہنچ گئی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مہزور علی نے مزید بتایا تھا کہ یہ بہت بڑی دکان ہے، جس میں کافی مقدار میں پٹاخے اور دیگر آتش گیر اشیا رکھی ہوئیں تھیں۔
شدید دھماکے کے باعث ال آمنہ پلازہ سے متصل گورنمنٹ گرلز سیکنڈری ہائی سکول نمبر ون کی بیرونی دیوار کا بڑا حصہ بھی گر گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی زوردار تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے کے بعد ایم اے جناح روڈ کا سائیڈ مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

