وزیر خزانہ کا مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے سخت نگرانی اور قیاس آرائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور

Share

وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانا اور قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ کم آمدنی والے اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مہنگائی کے رجحانات کا جائزہ لینے کے لیے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزارتِ خزانہ، توانائی، پیٹرولیم، منصوبہ بندی، قومی غذائی تحفظ، اسٹیٹ بینک، بیورو آف اسٹیٹکس اور پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ کمیٹی وزیرِاعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے تاکہ مہنگائی کے دباؤ پر نظر رکھے، وفاقی و صوبائی سطح پر ہم آہنگ پالیسی اقدامات کرے اور بروقت انتظامی فیصلے یقینی بنائے۔

اجلاس میں اشیائے خورونوش کی پوری ٹوکری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) میں حالیہ تبدیلیوں پر غور کیا گیا۔

ٹماٹر، پیاز، گندم، چاول، چینی اور خوردنی تیل سمیت بنیادی اجناس کی قیمتوں، صوبہ وار رسد اور ذخائر کی صورتِ حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گندم کے وافر ذخائر (اسٹریٹجک ریزروز کے علاوہ) موجود ہیں جبکہ ابتدائی جائزوں کے مطابق چاول اور گنے کی فصل کو ہونے والا نقصان قابلِ برداشت ہے۔

وزیر خزانہ نے منڈی میں مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے سخت نگرانی اور قیاس آرائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

اس موقع پر آئندہ بوائی کے موسم کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے بیج اور زرعی مداخل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سپارکو اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا درست اور بروقت تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین نے ہدایت کی کہ کمیٹی آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی تاکہ اب تک کے اقدامات کا جائزہ لے کر مزید بروقت فیصلے کیے جا سکیں اور ملک میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

کراچی: بھٹائی آباد میں تین خواتین کا چھری کے وار سے قتل

جمعرات ستمبر 11 , 2025
Share کراچی کے علاقے بھٹائی آباد میں پولیس کے مطابق ایک شخص نے تین خواتین کو چھریوں کے وار سے قتل کر دیا گیا جبکہ ایک مرد اور ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہیں۔ ایس ایس پی ملیر خالق پیرزادہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو اس واقع کے حوالے سے […]

You May Like