لاہور: 40 لاکھ روپے تاوان لینے والے چار ’پولیس اہلکاروں‘ کی تلاش

Share

لاہور میں پولیس نے ایک تاجر کو اغوا کر کے 40 لاکھ روپے تاوان لینے والے چار مبینہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ہربنس پورہ کے علاقے کے رہائشی اور لوہے کے تاجر محمد ندیم نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ بدھ کی رات تقریباً 11 بجے کینال روڈ پر واقع اپنے گھر سے گاڑی پر نکلے تو رنگ روڈ پر پولیس وردی میں ملبوس چار افراد نے انہیں روک لیا۔

دو افراد گاڑی میں سوار ہو گئے اور تلاشی کے بہانے انہیں تھانے چلنے کو کہا، تاہم کچھ دیر بعد اسلحے کے زور پر جنڈیالہ گاؤں لے جا کر ایک حویلی کے کمرے میں باندھ دیا۔

ندیم کے مطابق ملزمان نے ان کے گلے سے دو تولے سونا اتار لیا جبکہ گاڑی میں موجود 25 لاکھ روپے نقدی چھین لی۔

’انہوں نے دھمکی دی کہ گھر والوں سے پانچ کروڑ روپے منگواؤ ورنہ گولی مار دیں گے۔

’میں نے ایک دوست سے 15 لاکھ روپے منگوائے جو دینے کے بعد انہوں نے مجھے سڑک پر چھوڑ دیا۔‘

ہربنس پورہ پولیس سٹیشن کے افسر محمود اکبر کے مطابق تاجر کو جس ڈیرے پر رکھا گیا وہاں سے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اصل ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمود کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ملزمان واقعی پولیس اہلکار تھے یا محض وردی پہن کر واردات کی گئی۔

پنجاب میں آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پولیس کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق صرف لاہور میں رواں سال اب تک پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف 46 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں کانسٹیبل سے لے کر سب انسپکٹر تک 73 اہلکار نامزد ہیں۔

ان میں 12 سب انسپکٹر اور 11 اے ایس آئی بھی شامل ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ’قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار جرم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

پاکستان کا جوہری پروگرام سعودی عرب کو ’دستیاب ہو گا‘: وزیر دفاع

جمعہ ستمبر 19 , 2025
Share پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کے تحت ضرورت پڑنے پر پاکستان کا جوہری پروگرام سعودی عرب کے لیے ’دستیاب ہو گا۔‘ بدھ کو دونوں ممالک نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں […]

You May Like