اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی روک لیا: منتظمین

Share

غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری بیڑے گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعے کو قافلے کی آخری کشتی کو بھی روک لیا۔

گلوبل صمود فلوٹیلا جو درجنوں کشتیوں پر مشتمل امدادی سامان غزہ لے جانے والا بیڑہ ہے، گذشتہ ماہ سپین سے روانہ ہوا تھا۔ بیڑے میں سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان، دنیا بھر سے سیاست دان اور کارکن اور سویڈن سے تعلق رکھنے والی تحفظِ ماحول کی عالمی شہرت یافتہ کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شریک ہیں۔ یہ کشتیاں غزہ کی طرف روانہ ہوئی تھیں، جہاں اقوام متحدہ کے مطابق قحط زور پکڑ رہا ہے۔

بدھ کو اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کو روکنا شروع کیا اور اس میں سوار 400 سے زائد افراد کو ساحلی علاقے تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلوٹیلا نے ٹیلی گرام پر بتایا: ’میری نیٹ، جو گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری بچی ہوئی کشتی تھی، کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 29 منٹ پر غزہ سے تقریباً 42.5 سمندری میل کے فاصلے پر روکا گیا۔‘

منتظمین نے مزید کہا کہ اسرائیلی بحری فورسز نے ’ہماری تمام 42 کشتیوں کو غیر قانونی طور پر روک لیا، ہر کشتی میں انسانی ہمدردی کی امداد، رضاکار اور اسرائیل کے غیر قانونی محاصرے کو توڑنے کا عزم موجود تھا۔‘

اس سے قبل فلوٹیلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کہا: ’دنیا نے دیکھ لیا کہ جب عام شہری محاصرے کو چیلنج کرتے ہیں تو کیا ہوتا ہے اور پھر بھی میری نٹ سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

’وہ پانی پر اپنی ساتھی کشتیوں کا انجام جانتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ آگے کیا منتظر ہے اور وہ واپس پلٹنے پر تیار نہیں۔‘

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرین نے جمعرات کو اسرائیل کی جانب سے امدادی قافلے روکنے کی خلاف ریلیاں نکالیں اور جواب میں اسرائیل پر مزید سخت پابندیوں کا مطالبہ کیا۔

تقریباً 15 ہزار افراد نے بارسلونا میں، جہاں سے فلوٹیلا نے اپنا سفر شروع کیا، نعرے لگاتے ہوئے مارچ کیا۔ ان نعروں میں ’غزہ، تم اکیلے نہیں ہو‘، ’اسرائیل کا بائیکاٹ‘ اور ’فلسطین کی آزادی‘ شامل تھے۔

سینکڑوں افراد ڈبلن میں آئرش پارلیمنٹ کے باہر بھی جمع ہوئے، جہاں مریم مک نلی نامی خاتون، جن کی بیٹی فلوٹیلا کے ساتھ سفر کر رہی ہیں، نے کہا کہ وہ ’بہت زیادہ پریشان‘ ہیں۔

اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق، پیرس، برلن، دی ہیگ، تیونس، برازیل اور بیونس آئرس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے گلوبل صمود فلوٹیلا  کو روکنے کی کارروائیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’میں بحریہ کے ان سپاہیوں اور کمانڈروں کو سراہتا ہوں جنہوں نے یوم کفارہ پر اپنا مشن نہایت پیشہ ورانہ اور موثر انداز میں انجام دیا۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

مظفر آباد میں کشیدگی برقرار، مظاہرین سے مذاکرات کا دوسرا دور جاری

جمعہ اکتوبر 3 , 2025
Share پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی مذاکراتی ٹیم اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔ گذشتہ پانچ روز سے جاری کشیدگی کے بعد احتجاج کرنے والی عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور وزیراعظم […]

You May Like