چینی خلابازوں کے ساتھ تربیت کے لیے دو پاکستانی منتخب: آئی ایس پی آر

Share

پاکستانی فوج نے ہفتے کو بتایا ہے کہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چینی خلابازوں کے ساتھ تربیت حاصل کرنے کے لیے دو پاکستانی خلابازوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں ابتدائی سکریننگ کے عمل کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جنہوں نے چین کے خلائی مرکز میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیار کے مطابق کیے گئے جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی معائنوں میں حصہ لیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق: ’شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چین کے خلائی مرکز میں چھ ماہ کی اعلیٰ درجے کی خلا بازی کی تربیت حاصل کریں گے۔ تربیت کی تکمیل کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں چینی خلائی سٹیشن پر خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔‘

چین کی انسانی خلائی ایجنسی نے 30 اکتوبر 2025 کو اعلان کیا تھا کہ دو پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو مختصر مدت کے مشن پر چین کے خلائی سٹیشن بھیجا جائے گا۔

یہ تعاون فروری 2025 میں طے پانے والے دو طرفہ ’خلا باز تعاون معاہدے‘ کی بنیاد پر قائم ہے، جس پر وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں دستخط کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے کے وقت اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی چین کے خلائی سٹیشن پروگرام میں شمولیت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے اور یہ باہمی سائنسی تعاون اور پرامن خلائی تحقیق کے وسیع تر وژن میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان اور چین کے مابین دیگر شعبوں میں روابط کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تعاون بڑھا ہے اور حالیہ عرصے میں پاکستان کے کئی سیٹلائٹس چین کی مختلف لانچنگ سائٹس سے خلا میں روانہ کیے گئے ہیں۔

چینی خلائی سٹیشن کا نام ’تیانگ گونگ‘ ہے، جس کے معنی ’آسمانی محل‘ کے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق: ’یہ تاریخی اقدام عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی مضبوط حمایت کا بھی عکاس ہے، جس نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

اسلام آباد دھماکہ: ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کرلی، جان سے جانے والوں کی نماز جنازہ ادا

ہفتہ فروری 7 , 2026
Share وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں جمعے کی نماز کے دوران مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں جان سے جانے والوں کی نماز جنازہ آج (بروز ہفتہ) ادا کر دی گئی جبکہ حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کر لی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ترلائی میں […]

You May Like