ایران پر ہفتے کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تیزی سے بدلتی سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت کئی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے خطے کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی ایئر لائن نے متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دوحہ کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ ممالک کی فضائی حدود کھلنے یا کل شام تک پروازیں بند رہیں گی، جبکہ سعودی عرب جانے والی پروازوں کا رخ تبدیل کر کے تنازع سے متاثرہ علاقوں سے بچاتے ہوئے چلایا جا رہا ہے۔
In view of the developing situation in the Middle East, #PIA is suspending its flights to #UAE , #Bahrain, #Kuwait and #Doha till tomorrow evening, or till opening of respective airspaces.
Flights to #KSA have been rerouted, avoiding conflict hit zones.…
— PIA (@Official_PIA) February 28, 2026
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروازوں کی معلومات یا متبادل بکنگ کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔
سعودیہ ایئرلائن کی متعدد پروازیں منسوخ، عمرے کے لیے سفری مشکلات
سعودیہ ایئرلائن نے بھی موجودہ صورتحال کے باعث مختلف ممالک کے لیے اپنی آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق عمان، کویت سٹی، ابوظہبی، دبئی، دوحہ، بحرین، ماسکو اور پشاور کے لیے پروازیں عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں۔
یہ منسوخی 2 مارچ کو رات 23:59 (یو ٹی سی) تک مؤثر رہے گی۔
سعودیہ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ کسی بھی نئی پیش رفت سے مسافروں کو فوری آگاہ کیا جائے گا اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ائیرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
ایئرلائن نے واضح کیا کہ مسافروں اور فضائی عملے کی سکیورٹی اور حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مزید اپ ڈیٹس سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔
امارات ایئرلائن کی دبئی کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل
مشرق وسطیٰ میں متعدد ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث امارات ایئرلائن نے دبئی آنے اور جانے والی اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ برقرار ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل تازہ فلائٹ اپڈیٹس ضرور چیک کریں۔
امارات ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ری بکنگ، رقم کی واپسی یا متبادل سفری انتظامات میں مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مسافروں اور عملے کی سکیورٹی بدستور اولین ترجیح ہے۔
قطری فضائی حدود بند، قطر ایئرویز کی پروازیں عارضی طور پر معطل
خطے میں جاری کشیدہ صورت حال کے باعث قطر ایئرویز نے قطری فضائی حدود بند ہونے کے بعد دوحہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
Temporary Suspension of Qatar Airways Flights due to Qatari Airspace Closure
Qatar Airways Group confirms the temporary suspension of its flights to, and from, Doha due to the closure of Qatari airspace.
The airline is working closely with government stakeholders and the…
— Qatar Airways (@qatarairways) February 28, 2026
ایئرلائن کے بیان کے مطابق متاثرہ مسافروں کی مدد کے لیے حکومتی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ فضائی حدود کھلتے ہی پروازوں کا آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ معمول کی پروازیں بحال ہونے کے بعد فلائٹ شیڈول میں تاخیر کا امکان ہے، اسی لیے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم ایئرپورٹس پر اضافی گراؤنڈ سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایئر انڈیا کا خطے میں فلائٹ آپریشن معطل
ایئر انڈیا نے بھی مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئرلائن کے بیان کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے موجودہ سکیورٹی حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق فلائٹ آپریشنز میں تبدیلی کی جائے گی۔
In view of the developing situation in parts of the Middle East, all Air India flights to all destinations in the Middle East have been suspended. We remain committed to maintaining the highest standards of safety for our passengers and crew. We will continue to…
— Air India (@airindia) February 28, 2026
کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں، جبکہ صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازوں کی بحالی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ادھر فرانسیسی فضائی کمپنی ایئر فرانس نے بھی دبئی، ریاض، تل ابیب اور بیروت کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 28 فروری اور یکم مارچ کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ تل ابیب کے لیے سروس اتوار تک بند رہے گی۔
یہ فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بحری اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک نے جزوی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں خطے بھر میں پروازوں کی منسوخی اور روٹس کی تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے۔
