|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا آج 31 واں دن ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ اس جنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹس۔ |
دن 12 بج کر 20 منٹ
فوجی کیمپ پر میزائل حملہ، 10 اہلکار زخمی: کویت
کویت کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ ایک فوجی کیمپ پر حملے میں 10 اہلکار زخمی ہو گئے۔
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العتوان نے ایک بیان میں کہا ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلح افواج نے کویتی فضائی حدود میں 14 بیلسٹک میزائل اور 12 دشمن ڈرون کا پتہ لگایا۔‘
انہوں نے کہا ’ایک نجی لاجسٹکس کمپنی کے گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں صرف مادی نقصان ہوا اور انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ 28 فروری، 2026 تک کویت پر ’دشمن ہوائی حملوں‘ کی کل تعداد 307 بیلسٹک میزائل، دو کروز میزائل اور 616 ڈرونز تک پہنچ گئی۔ اے ایف پی
صبح 11 بج کر 45 منٹ
ایران میں بالکل مختلف قیادت سے بات ہو رہی ہے، ان سے کوئی معاہدہ کر لیں گے: ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ایران سے معاہدہ کر لیا جائے گا کیوں کہ ان کے بقول ایران میں حکومت یا قیادت تبدیل ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفگتو میں اتوار کو کہا ’میرے خیال میں ہم ان کے ساتھ کوئی معاہدہ کر لیں گے، اس میں کافی یقین ہے، لیکن ممکن ہے کہ نہ کریں۔‘
امریکی صدر نے کہا ’ہم نے پہلے ہی (ایران میں) حکومت میں تبدیلی دیکھ لی ہے، اگر آپ غور کریں کیونکہ پہلی حکومت تباہ ہو چکی تھی، ختم ہو گئی تھی، وہ سب مارے جا چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ متبادل قیادت میں سے زیادہ تر ختم ہو چکی ہے اور ’تیسری حکومت ہم ایسے لوگوں سے معاملہ کر رہے ہیں جن سے پہلے کسی نے کبھی معاملہ نہیں کیا۔ یہ ایک بالکل مختلف گروپ ہے تو میں اسے حکومت کی تبدیلی سمجھوں گا۔‘
تاہم ایران کی طرف سے مسلسل کہا جاتا رہا ہے کہ ملک میں حکومت برقرار ہے اور پالیسی کا تسلسل جاری ہے۔ ایران کی طرف سے یہ بھی کہا جا چکا ہے کہ جب قیادت میں کوئی ایک مارا جاتا ہے تو نظام کے تحت کوئی دوسرا ان کی جگہ لے لیتا ہے۔ اے ایف پی
صبح نو بج کر 45 منٹ
ٹرمپ کا پاکستان کے ذریعے ایران سے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت کا دعویٰ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فائننشل ٹائمز (ایف ٹی) کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے ’نمائندوں‘ کی مدد سے امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری اور مثبت پیش رفت کر رہے ہیں۔
تاہم ایف ٹی کے مطابق جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا آنے والے دنوں میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ ہو سکتا ہے تو انہوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔
ٹرمپ نے کہا ’ہمارے پاس تقریباً تین ہزار اہداف باقی ہیں۔ ہم 13 ہزار اہداف پر بمباری کر چکے ہیں اور مزید دو ہزار اہداف باقی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ایک معاہدہ کافی جلدی ہو سکتا ہے۔‘
صبح نو بجے
ایران کا زمینی حملے پر سخت ردعمل کا انتباہ
ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایرانی افواج ’زمین پر امریکی فوجیوں کی آمد کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ انہیں جلا دیں اور ان کے علاقائی شراکت داروں کو ہمیشہ کے لیے سزا دیں۔
قالیباف نے مزید کہا ’ہمارے میزائل اپنی جگہ موجود ہیں۔ ہمارا عزم اور ایمان مزید مضبوط ہو گیا ہے۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب تقریباً 2,500 امریکی میرینز خطے میں پہنچ چکے ہیں اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا اس ایک ماہ طویل جنگ میں شامل ہو چکے ہیں۔
اس جنگ نے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی فراہمی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، کھاد کی قلت پیدا کر دی ہے اور فضائی سفر کو متاثر کیا ہے۔ آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول نے عالمی منڈیوں اور قیمتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اے پی
صبح سات بج کر 30 منٹ
ایران کے خارگ جزیرے پر ’بہت آسانی سے‘ قبضہ کر سکتے ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو فائننشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ ایران کے خارگ جزیرے کو ’بہت آسانی سے‘ لے سکتے ہیں۔
ایران کے مغربی ساحل کے قریب واقع یہ جزیرہ ملک کے لیے ایک اہم تیل ٹرمینل ہے اور پینٹاگون کی زمینی کارروائیوں کے لیے نظریں اسی جزیرے پر ہیں، حالانکہ امریکہ نے اصرار کیا ہے کہ وہ مکمل فوجی حملے سے گریز کرے گا۔
جب ٹرمپ سے جزیرے پر ایرانی دفاع کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ’مجھے نہیں لگتا ان کے پاس کوئی دفاع ہے۔ ہم اسے بہت آسانی سے لے سکتے ہیں۔‘ اے ایف پی
صبح سات بج کر 10 منٹ
مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے 5 میزائل روک لیے: سعودی عرب
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی فورسز نے مملکت کے مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے پانچ بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔
ایکس پر پوسٹ کیے گئے مختصر بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ میزائل کہاں سے داغے گئے تھے۔
صبح چھ بج کر 45 منٹ
ایران کا کویت کے بجلی گھر پر حملہ
صبح چھ بج 15 منٹ
اسرائیل کا دفاعی اخراجات میں اضافہ
اسرائیلی پارلیمنٹ نے پیر کی صبح 2026 کا بجٹ منظور کیا، جس میں تقریباً 10 ارب ڈالر کے اضافی فوجی اخراجات شامل ہیں۔
صبح چھ بج کر 10 منٹ
پاکستان میں مذاکرات کے بعد سعودی، ترک اور مصری وزرا خارجہ کی وطن واپسی
سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ اتوار کو اسلام آباد میں ایران جنگ پر اہم بات چیت کے بعد اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
The Foreign Ministers of Egypt, Saudi Arabia and Turkiye departed Islamabad at the conclusion of Quadrilateral consultations. pic.twitter.com/0cj2EPRWNJ
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) March 29, 2026
ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ ہفتے کی رات کو اسلام آباد پہنچے تھے جبکہ سعودی وزیر خارجہ اتوار کی دوپہر آئے۔
صبح چھ بجے
ایران میں بجلی کی بندشیں
ایران کی وزارت توانائی نے کہا ہے کہ تہران میں بجلی کی بندشیں رپورٹ ہوئی ہیں، جن کی وجہ وہ ’بجلی کی تنصیبات پر حملوں‘ کو قرار دیتی ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے اتوار کی شب کہا کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد اہداف پر نئے حملے کیے ہیں۔


