امریکہ: وال مارٹ کے سٹور میں چاقو سے حملہ، 11 افراد زخمی

Share

امریکہ کی وسط مغربی ریاست مشی گن میں ہفتے کو وال مارٹ سٹور میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے کم از کم 11 افراد کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ بظاہر ایک اندھا دھند کارروائی تھی۔

گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے شیرف مائیکل شی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 42 سالہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

شیرف شی کا کہنا تھا: ’اب تک کی معلومات کے مطابق یہ حملہ کسی ہدف کو نشانہ بنا کر نہیں کیا گیا، متاثرین پہلے سے طے شدہ نہیں تھے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص مشی گن کا رہائشی ہے، تنہا کام کر رہا تھا اور اس نے ایک ’فولڈنگ نائف‘ استعمال کی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہیلتھ کیئر ادارے منسن کے مطابق چھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ پانچ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔

شیرف شی نے بتایا کہ حملے میں نشانہ بننے والوں میں چھ مرد اور پانچ خواتین شامل ہیں۔

مشی گن کی گورنر گریچن ویٹمر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا: ’ہماری دعائیں متاثرین اور اس کمیونٹی کے ساتھ ہیں جو اس ہول ناک واقعے سے متاثر ہوئی۔‘

 عینی شاہدہ جولیا مارٹیل نے دی نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ انہوں نے چیخ و پکار سنی اور دیکھا کہ ایک شخص چاقو لے کر سٹور کے فارمیسی سیکشن میں دوڑ رہا ہے۔ مارٹیل کے مطابق وہ شخص لوگوں کو دھکیلتا اور چاقو سے وار کرتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا۔

30 سالہ گواہ نے بتایا کہ انہوں نے تین افراد کو چاقو کے زخموں کے ساتھ دیکھا اور ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا۔

شیرف شی کے مطابق چاقو زنی کی واردات سٹور کے چیک آؤٹ ایریا سے شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا: ’ہمارے علاقے میں ایسا واقعہ انتہائی غیر معمولی ہے۔‘

ان کے مطابق وال مارٹ میں موجود شہریوں نے مشتبہ شخص کو پکڑنے میں مدد فراہم کی۔

ٹریورس سٹی، جھیل مشی گن کے کنارے واقع ایک معروف سیاحتی مقام ہے۔ ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈین بونجینو نے بتایا کہ ان کے ایجنٹس ’گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی شیرف کے دفتر کو تفتیش میں ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

اسرائیل کا غزہ امداد لے جانے والی کشتی ’حنظله‘ پر دھاوا

اتوار جولائی 27 , 2025
Share اسرائیل فوج نے فلسطین کے حامی کارکنوں کے ایک گروپ کی غزہ کے لیے امداد لے جانے والی کشتی ’فریڈم فلوٹیلا‘ پر دھاوا بول دیا۔ اس حملے کو مذکورہ گروپ نے براہ راست نشر بھی کیا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایکس پر بتایا ’اسرائیلی بحریہ نے کشتی ’ناورن‘ کو […]

You May Like