لائیو اپ ڈیٹس |
ایران ’تباہی کی حالت‘ میں ہے، آبنائے ہرمز جلد از جلد کھلوانا چاہتا ہے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو دعویٰ کیا ہے کہ ایران ’تباہی کی حالت‘ میں ہے اور جلد از جلد آبنائے ہرمز کھلوانا چاہتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ایران نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وہ ’تباہی کی حالت‘ میں ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ ’جلد سے جلد آبنائے ہرمز کو کھول دے۔‘
انہوں نے مزید لکھا: ’کیونکہ وہ اپنی قیادت کی صورت حال کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں (جو مجھے یقین ہے کہ وہ کر سکیں گے!)۔‘
خلیج میں ’منجمد تنازع‘ ظہور پذیر ہو سکتا ہے: قطری وزارت خارجہ
امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے بات چیت کے تعطل کا شکار ہونے کے تناظر میں قطر نے منگل کو خلیج میں ایک ’منجمد تنازع‘ کے امکان کے خلاف خبردار کیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم خطے میں کسی بھی وقت جلد دشمنی کی واپسی نہیں دیکھنا چاہتے، ہم ایک جما ہوا تنازعہ نہیں دیکھنا چاہتے جو سیاسی وجہ سے ہر بار پگھل جائے۔‘
وائٹ ہاؤس نے پیر کو کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کو غیر مسدود کرنے کے لیے ایران کی تازہ ترین تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، جو مشرق وسطیٰ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے دو ماہ سے بند ہے۔
ایران آبنائے ہرمز کو بطور ’معاشی ایٹمی ہتھیار‘ استعمال کر رہا ہے: امریکہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک معاشی ’ایٹمی ہتھیار‘ کے برابر ہے جو ایران دنیا کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔
مارکو روبیو نے یہ بات فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہی جس کا ویڈیو کلپ امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو ایکس پر شیئر کیا۔
SECRETARY RUBIO: The Strait of Hormuz is basically the equivalent of an economic nuclear weapon that Iran is trying to use against the world. They’re bragging about holding the world’s energy hostage. Imagine if those same people had access to a nuclear weapon. pic.twitter.com/BorHCbLjbK
— Department of State (@StateDept) April 27, 2026
ان کا کہنا ہے کہ ’آبنائے ہرمز بنیادی طور پر ایک معاشی ایٹمی ہتھیار کے برابر ہے جسے ایران دنیا کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
امریکہ وزیر خارجہ نے کہا کہ ’وہ (ایران) فخر سے کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے دنیا کی توانائی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ذرا تصور کریں اگر انہی لوگوں کے پاس جوہری ہتھیار تک رسائی ہوتی۔‘
صدر ٹرمپ ایران کی تجویز سے خوش نہیں: امریکی عہدے دار
ایک امریکی عہدے دار نے پیر کو کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنگ ختم کرنے سے متعلق ایرانی تجویز سے خوش نہیں کیونکہ اس میں جوہری پروگرام کا ذکر نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی عہدے دار نے صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’انہیں یہ تجاویز پسند نہیں آئیں۔‘
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کرولائن لیویٹ نے پیر کی شب بتایا تھا کہ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق نئی تجویز پر اپنی اعلیٰ قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی میڈیا ادارے ایگزیوس نے پیر کو رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکہ کو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے سے متعلق نئی تجویز پیش کر دی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گذشتہ تین روز سے بھی کم وقت میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں۔
ایرانی سکول پر امریکہ – اسرائیل حملے میں 155 اموات
ایران کے سرکاری میڈیا نے منگل کو فروری میں امریکہ – اسرائیل کے سکول پر حملے میں اموات کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق کل اموات کی تعداد 155 ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی اور مقامی میڈیا کے مطابق 28 فروری کو ایرانی شہر میناب کے سکول پر حملے میں 73 لڑکے اور 47 لڑکیاں جان سے گئیں۔
یہ ایران پر ہونے والے ابتدائی حملوں میں سے ایک تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئی آر آئی بی نے ٹیلیگرام پوسٹ میں بتایا کہ اس حملے میں 26 اساتذہ، سات والدین، ایک سکول بس ڈرائیور اور سکول کے ساتھ واقع کلینک کے ایک فارمیسی ٹیکنیشن بھی مارے گئے۔
اس طرح اموات کی کل تعداد 155 ہے جو پہلے 175 سے زائد بتائی گئی تھی۔
