سیلاب سے ڈینگی کیسز میں اضافہ تاہم صورت حال قابو میں: پنجاب حکام

Share

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے بعد کئی علاقوں میں پانی اب بھی جمع ہے جس کے باعث ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تاہم محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال تشویش ناک نہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کی تازہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 63 نئے ڈینگی کیس سامنے آئے۔

ان میں سب سے زیادہ 26 راولپنڈی اور 19 لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ ساہیوال اور فیصل آباد میں چار، چار، گوجرانوالہ میں تین جبکہ اوکاڑہ میں دو مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1557 ہو چکی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب آغا احتشام نے کہا کہ ڈینگی کیسز میں اضافہ ضرور دیکھنے میں آ رہا ہے لیکن یہ تعداد گذشتہ برسوں کے مقابلے میں کم ہے۔

ان کے مطابق 2022 میں جنوری سے اکتوبر تک 7065 کیسز اور 14 اموات ہوئیں۔ 2023 میں 4741 مریض اور تین اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 2024 میں اسی عرصے میں 2101 کیسز اور سات اموات سامنے آئیں۔

رواں سال اب تک 1557 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لیکن کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال پہلے سے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

’اس بار ہم نے پہلے سے بہتر انتظامات کیے ہیں۔ ڈینگی مار سپرے بھی باقائدگی سے کیے جا رہے ہیں۔ جہاں بھی ڈینگی لاروا کی موجودگی کا شبہ ہوتا ہے ٹیمیں فوری وہاں پہنچ کر اسے تلف کر دیتی ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اطراف ماحول کا خیال رکھیں اور جہاں لاروا ہونے کا شک ہو فوری ہیلپ لائن پر کال کریں۔

لاہور کے ڈاکٹر سلمان خالد کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد مسلسل پانی کھڑا رہنے سے مچھروں کی افزائش بڑھ جاتی ہے جس سے ڈینگی کا خطرہ بڑھنا فطری ہے۔

ان کے مطابق ڈینگی کی پہلی علامت عام طور پر فلو اور بخار ہوتی ہے، اس لیے شہریوں کو جسمانی درجہ حرارت میں معمولی تبدیلی کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر سلمان نے خبردار کیا کہ ’ایک چھوٹا سا مچھر ڈینگی وائرس کو صحت مند شخص میں منتقل کر کے بیماری کا باعث بن سکتا ہے۔‘

ان کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 400 ملین افراد اس وائرس سے متاثر ہوتے ہیں جن میں سے 80 ملین میں علامات ظاہر ہوتی ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ بخار یا فلو محسوس ہوتے ہی فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ترکی میں اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد کا جاسوس گرفتار: حکام

جمعہ اکتوبر 3 , 2025
Share ترکی کی سکیورٹی فورسز نے استنبول میں ایک خفیہ کارروائی کے دوران جمعے کو اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے جاسوس کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ترکی کی قومی انٹیلیجنس ایجنسی (ایم آئی ٹی) […]

You May Like