گوگل کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل، جلد دفتر کھلے گا: وزیر

Share

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے ہفتے کو بتایا ہے کہ گوگل نے پاکستان میں رجسٹریشن مکمل کر لی ہے، جو ملک میں آئی ٹی کے شعبے کے لیے بڑی خوش خبری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی جلد ہی پاکستان میں دفتر کھولے گی۔

بقول شزا فاطمہ ریڈیو ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) اور وزارت دفاعی پیداوار کے ساتھ مل کر ٹیک ویلی کمپنی نے ہری پور میں گوگل کروم بکس کی پیداوار شروع کی ہے، جس سے 600 نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔

انہوں نے بتایا: ’پاکستان میں ہر سال پانچ سے چھ لاکھ گوگل کروم بکس تیار کی جائیں گی، جس سے نہ صرف سستے اور بہترین لیپ ٹاپ دستیاب ہوں گے بلکہ بیرون ملک برآمد بھی کیے جائیں گے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں روزگار دینا ترجیح ہے۔

شزا فاطمہ کے مطابق آئی ٹی کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی خوش آئند رفتار سے جاری ہے۔ ’وزارتِ آئی ٹی نے حالیہ مہینوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو تقویت ملی ہے۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ میٹا ٹیم پاکستان میں سرگرم ہے اور میٹا لاما نے قومی زبان اردو میں بھی کام شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح ٹک ٹاک نے بھی سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے’سٹیم ٹیب‘ متعارف کروا دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ آئی ٹی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے اور سعودی ٹیلی کام نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے ’اے آئی ہب‘ قائم کر لیا ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ نوجوان فری لانسنگ کے ذریعے روزگار کما رہے ہیں اور مصنوعی ذہانت کے علم کی ترویج اب وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔ ’وزارت آئی ٹی مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں مزید اضافہ ہو۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

سینیٹ میں پیش 27 ویں آئینی ترمیم کے بل میں کیا ہے؟

ہفتہ نومبر 8 , 2025
Share حکومت نے آئین پاکستان میں 27ویں ترمیم کے لیے بل ہفتے کو سینیٹ میں پیش کر دیا جس میں فوجی قیادت کی تقرری، سپریم کورٹ کے اختیارات، وزیراعظم کے استثنیٰ اور ایک نئی وفاقی آئینی عدالت کے قیام سمیت کئی اہم تجاویز ہیں۔ بل کے مسودے، جس کی کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے […]

You May Like