اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کے تحت جوابدہ بنایا جائے: سعودی عرب

Share

سعودی عرب نے بدھ کو ایک اسرائیلی عہدے دار کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی اختیار نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے دو جولائی کو جاری ایک بیان کے مطابق وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر آباد کاری کے منصوبوں کو بڑھانے کی ہر کوشش کو دوٹوک طور پر مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا ہے، اور اس امر پر زور دیا ہے کہ اسرائیلی حکام کو بین الاقوامی قانون کا پابند بنایا جائے۔ 

سعودی عرب نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے تحت فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کی اپنی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا، جس میں 1967 کی سرحدوں کے مطابق مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ شامل ہے۔

سعودی عرب کا موقف اس حوالے سے ہمیشہ سے اٹل اور غیر متزلزل رہا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کی جماعت لیکود سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے وزرا نے بدھ کو مطالبہ کیا کہ اسرائیل رواں ماہ کے اختتام سے قبل کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) کی تعطیلات سے پہلے مقبوضہ مغربی کنارے کو باقاعدہ طور پر اسرائیل میں ضم کر لے۔

یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیراعظم نتن یاہو آئندہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں، جس میں توقع ہے کہ 60 دن کی ممکنہ فائر بندی اور حماس کے ساتھ قیدیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے پر بات چیت ہو گی۔

فلسطینی اتھارٹی نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ مغربی کنارہ مستقبل میں قائم ہونے والی فلسطینی ریاست کا ایک لازمی حصہ ہے، اور خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے کو اسرائیل میں ضم کرنے کی کوئی بھی کوشش دو ریاستی حل کے خاتمے کے مترادف ہو گی۔

اسرائیل نے 1967 کی مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے بعد سے مغربی کنارے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

اکتوبر 2023 میں غزہ کی پٹی پر شروع کی گئی نسل کش جنگ کے بعد سے اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور آبادکاری کی سرگرمیوں میں تیزی لا دی ہے۔

بین الاقوامی عدالت انصاف نے گذشتہ برس جولائی میں اسرائیل کے فلسطینی علاقوں پر قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مغربی کنارے میں تمام اسرائیلی بستیوں کو خالی کرنے کا کہا تھا۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ظہران ممدانی پر ہاتھوں سے چاول کھانے پر تنقید، ایشیائی افراد کا بھرپور دفاع

جمعرات جولائی 3 , 2025
Share امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک کانگریس مین کی جانب سے نیویارک کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی پر ہاتھ سے چاول کھانے پر تنقید نے شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور ایشیا بھر کے لوگ اپنے اس رواج کے دفاع میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ ایک دوبارہ منظر […]

You May Like