سعودی عرب کا شام میں 5.6 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

Share

شام کا دورہ کرنے والے سعودی وفد نے بدھ کو پانچ ارب ڈالر سے زائد مالیت کی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے معاہدے کیے ہیں تاکہ جنگ سے تباہ حال ملک شام کی تعمیر نو میں مدد فراہم کی جا سکے۔

سعودی عرب شام کی نئی حکومت کا بڑا حمایتی رہا ہے، جس نے دسمبر میں بشار الاسد کی حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد اقتدار سنبھالا۔ شام میں یہ خانہ جنگی 14 سال تک جاری رہی۔

تقریباً 150 سرمایہ کاروں اور سعودی سرکاری و نجی شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے، جس کی قیادت وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کی، جمعرات کو ہونے والے فورم سے قبل دمشق میں ملاقاتیں کیں۔

سرمایہ کاری کی وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’اعلان کردہ سرمایہ کاری، جس کا تخمینہ 21 ارب سعودی ریال (5.6 ارب ڈالر) ہے، اہم اور بنیادی شعبوں جیسے کہ رئیل سٹیٹ، بنیادی ڈھانچے، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہوابازی اور نیویگیشن، صنعت، سیاحت، توانائی، تجارت اور دیگر پر مشتمل ہے۔‘

منگل کو وزارت نے کہا تھا کہ دمشق فورم کا مقصد ’تعاون کے مواقع تلاش کرنا اور ایسے معاہدوں پر دستخط کرنا ہے جو پائیدار ترقی کو فروغ دیں اور دونوں برادر اقوام کے مفادات کی خدمت کریں۔‘

شام کے وزیر اطلاعات حمزہ المصطفیٰ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بدھ کو اعلان کردہ معاہدوں پر باضابطہ دستخط فورم میں کیے جائیں گے۔

سعودی وزارت سرمایہ کاری کے ایک عہدے دار نے اے ایف پی کو تصدیق کی کہ سعودی وزیر خالد الفالح اس فورم میں شرکت کریں گے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے کو باضابطہ شکل دی تاکہ ملک کو عالمی معیشت میں دوبارہ شامل کیا جا سکے۔

وہ پہلے ہی مئی میں سعودی عرب اور ترکی کی اپیل پر زیادہ تر پابندیاں ختم کر چکے تھے۔ انہوں نے اسی ماہ سعودی عرب کے دورے کے دوران شام کے صدر احمد الشراع سے ملاقات کی تھی۔

احمد الشراع نے فروری میں ریاض کا دورہ کیا تھا جو بشار الاسد کی برطرفی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔

سال کے آغاز میں سعودی عرب اور قطر نے شام کے عالمی بینک کے قرض کی ادائیگی کا عہد کیا۔

ملک کو متحد کرنے کے دعوؤں کے باوجود دمشق میں نئی حکومت کو نظم و نسق قائم رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے، اقلیتی گروہوں کے ساتھ مہلک جھڑپوں نے شام کے استحکام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

نئی دہلی میں جعلی سفارت خانہ چلانے والا شخص گرفتار: پولیس

جمعہ جولائی 25 , 2025
Share انڈیا میں حکام نے 47 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ سفارت کار بن کر دہلی کے مضافات میں کرائے کے بنگلے میں جعلی سفارت خانہ سے چلا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اس مکان سے جعلی سفارتی نمبر پلیٹس والی لگژری گاڑیاں، […]

You May Like