آئندہ ’سکور 0-6 سے بہتر‘ اور انڈیا اپنے ’طیاروں کے ملبے میں دفن‘ ہوگا: خواجہ آصف

Share

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے انڈین سیاسی و عسکری قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل میں رواں برس مئی کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اتوار کو کہا ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو سکور 0-6 کی بجائے پہلے سے کہیں بہتر ہو گا اور انڈیا ’اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔‘

انڈین سول اور فوجی قیادت کی جانب سے حال ہی میں متعدد بیانات سامنے آئے، جن میں رواں برس مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان سے متعلق جارحانہ اور اشتعال انگیز رویہ اختیار کیا گیا۔  

انڈیا نے اپریل میں ہونے والے پہلگام حملے کو جواز بنا کر چھ اور سات مئی کو پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے، جس پر اسلام آباد نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور پاکستانی فضائیہ نے انڈیا کے چھ طیارے مار گرائے تھے۔ بعدازاں 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں دونوں ملک جنگ بندی پر متفق ہوئے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان پہلگام حملے میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔

انڈین آرمی چیف جنرل اپیندر دوایدی نے گذشتہ روز پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ ’ریاستی سپانسرڈ دہشت گردی‘ بند نہیں کرتا تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس بار انڈین افواج ’کوئی تحمل یا بردباری نہیں دکھائیں گی۔‘

جس پر پاکستان فوج نے نئی دہلی کو خبردار کیا تھا کہ مستقبل کا کوئی بھی آپسی تنازع شدید تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور یہ کہ پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پرعزم انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی انڈین بیانات پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’انڈین فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ہو اگر دوبارہ کوشش کی گئی تو سکور پہلے سے کہیں بہتر ہو گا۔‘

یہاں وہ انڈیا کے پاکستان پر حملے کے دوران پاکستانی فضائیہ کی جانب سے چھ انڈین طیارے مار گرانے کا حوالہ دے رہے تھے۔

اس سے قبل انڈین فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے جمعے کو دعویٰ کیا تھا کہ مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان شدید لڑائی کے دوران انڈیا نے ایف-16 اور جے ایف-17 کلاس کے پانچ پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔

اسی طرح انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس ہفتے کے آغاز میں ایک تقریر میں کہا تھا کہ ’ہمارے سپاہیوں کے پاس ہتھیار بھی ہیں اور بلند حوصلہ بھی۔ کوئی چیلنج ہمارے سامنے ٹھہر نہیں سکتا۔ چاہے وہ دہشت گردی ہو یا کسی اور نوعیت کا مسئلہ، ہم ان سب سے نمٹنے اور انہیں شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

پاکستانی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جس طرح انڈیا میں عوامی رائے تاریخ کی بدترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ہوئی اور مودی اور اس کا ٹولہ جس طرح اپنی ساکھ کھو بیٹھا، اس کا پریشر لیڈرشپ کے بیانات سے ظاہر ہو  رہا ہے۔‘

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا: ’پاکستان اللہ کے نام پر بنی ریاست ہے، ہمارے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں، اس دفعہ بھارت انشاءاللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

انڈیا سے مستقبل کا کوئی بھی تنازع شدید تباہی کا باعث ہو گا: پاکستان فوج

پیر اکتوبر 6 , 2025
Share پاکستان فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں انڈیا کو خبردار کیا کہ مستقبل کا کوئی بھی آپسی تنازع شدید تباہی کا سبب بن سکتا ہے اور یہ کہ پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پرعزم انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔ انڈین آرمی چیف جنرل اپیندر دواِیدی نے گذشتہ روز پاکستان کو […]

You May Like