انڈین حملوں میں 40 شہریوں، افواج کے 11 اہلکاروں کی جان گئی: پاکستانی فوج

Share

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کئی روز کی کشیدگی اور فوجی جھڑپوں کے بعد فائر بندی کی صورت حال پر انڈپینڈنٹ اردو کی 13 مئی 2025 کی لائیو اپ ڈیٹس


سہ پہر 03 بج کر 50 منٹ 

مودی کا اودھم ایئربیس کا اچانک دورہ

وزیر اعظم نریندر مودی منگل کی صبح اچانک جالندھر سے 25 کلومیٹر دور اودھم پور ایئربیس پہنچ گئے تاکہ ان ایئر فورس کے اہلکاروں سے بات کر سکیں جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران دفاع کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا ’آج صبح میں ایئر فورس سٹیشن (اے ایف ایس) اودھم پور گیا اور اپنے بہادر ایئر واریرز اور فوجیوں سے ملا۔

’ان لوگوں کے ساتھ ہونا جو بہادری، عزم اور بے خوفی کی علامت ہیں، ایک خاص احساس تھا۔ بھارت اپنی مسلح افواج کا شکر گزار ہے جو ہمارے ملک کے لیے سب کچھ کرتی ہیں۔‘

وزیر اعظم مودی صبح 6:15 بجے اودھم پور ایئرپورٹ پر اترے اور تقریباً 50 منٹ تک وہاں رہے۔

جالندھر کے ڈپٹی کمشنر ہیمنشوں اگروال نے کہا کہ مودی کا دورہ ’بہت خفیہ‘ تھا اور ضلعی سول اور پولیس انتظامیہ کو اس کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔


سہ پہر 03 بج کر 50 منٹ 

پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں : شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انڈیا کے حملوں میں پاکستانی شہریوں اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے جانی نقصان پر کہا کہ ’مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔‘

انہوں نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔‘

شہباز شریف نے انڈین حملوں میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم افراد کی اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم شہدائے وطن کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے اور ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

’شہدا پیکیج کا اعلان کیا جا چکا، شہدا کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور طور سے انجام دے گی۔‘

وزیرعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں انڈیا کو بھرپور جواب دیا ’بنیان المرصوص نے بھارت کو واضح کر دیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہو گا۔‘


صبح 10 بج کر 36 منٹ

پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائز کے بعد سری نگر میں سکول کھل گئے

پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائر کے بعد انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر میں منگل سے سکول کھل گئے۔

چار دن کی لڑائی کے بعد 10 مئی کو دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا جو اب تک برقرار ہے۔

1999 کے بعد یہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شدید لڑائی تھی جس میں درجنوں افراد کی جان گئی۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں سمیت اس کے 40 شہریوں جبکہ مسلح افواج کے 11 اہلکاروں کی جان بھی گئی۔


صبح 10 بج کر 16 منٹ

انڈین حملوں میں 40 شہریوں، افواج کے 11 اہلکاروں کی جان گئی: پاکستانی فوج

پاکستانی فوج نے منگل کو کہا ہے کہ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب انڈیا کے حملے میں 40 شہریوں کی اموات ہوئیں، جن میں سات خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔

جبکہ پاکستانی فوج کے چھ اور فضائیہ کے پانچ اہلکاروں سمیت 11 اموات ہوئیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 عام شہری جبکہ افواج کے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ انڈیا کی ’مسلح افواج نے بلا اشتعال اور قابلِ مذمت وحشیانہ حملے شروع کیے جن میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

’اس سنگین جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے جھنڈے تلے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے درست اور نمایاں جوابی حملے کیے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا، انشاء اللہ ایک تیز، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘


صبح 9 بج کر 30 منٹ

پنجاب: سول ڈیفنس کو جدید بنانے کے لیے 500 ملین روپے کے فنڈ، 10 لاکھ رضاکاروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ

حکومت پنجاب نے سول ڈیفنس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 500 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ رضاکاروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ دے دیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سول ڈیفنس کے لیے گرانٹ محکمہ داخلہ کے انٹرنل سکیورٹی فنڈ سے دی گئی، جس میں سے 50 کروڑ کی گرانٹ سے جدید آلات مثلاً مائن ڈیٹیکٹر، سنیک کیمرے، الیکٹرک سائرن، آگ بجھانے کے آلات، بم دھماکے سے بچاؤ کے بلینکٹ اور آئی ٹی کا سامان لیا جائے گا۔

مزید کہا گیا کہ سول ڈیفنس صوبے بھر میں نوجوانوں کو بطور رضاکار تربیت فراہم کرے گا۔

بیان کے مطابق گذشتہ پانچ دنوں میں سول ڈیفنس اور ریسکیو نے صوبے بھر میں 118,289 افراد کو تربیتی مشقیں کروائیں، جن کے دوران حملے یا حادثے کی صورت میں ہنگامی انخلا، آگ بجھانے اور فرسٹ ایڈ کے بارے میں سکھایا گیا۔

اسی طرح تربیتی مشقوں کے دوران طلبہ اور دیگر شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔

بیان کے مطابق سول ڈیفنس کے جدید آلات کی خریداری کے لیے فنڈز کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے دی۔


صبح 7 بج کر 15 منٹ

انڈیا سے کشیدگی کا پاکستان پر کوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑے گا: وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیر کو کہا ہے کہ روایتی حریف انڈیا کے ساتھ حالیہ فوجی کشیدگی کا پاکستان پر کوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑے گا اور اس کے لیے کسی نئے معاشی جائزے کی ضرورت نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیئے گئے آن لائن انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ جس نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں ثالثی کا کلیدی کردار ادا کیا تھا، کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں ممکنہ طور پر ’شارٹ آرڈر‘ میں پیش رفت ہوگی اور پاکستان زیادہ اعلیٰ قسم کی کپاس اور سویا بین درآمد کرنے کے ساتھ ساتھ ہائیڈرو کاربن سمیت دیگر اثاثہ جات بھی تلاش کر رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا تھا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد واشنگٹن انڈیا اور پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ تجارت ایک بڑی وجہ تھی، جس کی وجہ سے انہوں (پاکستان اور انڈیا) نے ’لڑائی بند کر دی۔‘

پاکستان کو تقریباً تین ارب ڈالر کے تجارتی سرپلس کی وجہ سے امریکہ کو برآمدات پر 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے، لیکن فی الحال اپریل میں کیے گئے اعلان کے مطابق اس میں 90 دن کا وقفہ ہے۔

انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران پڑنے والے مالیاتی اثرات کو کم سے کم قرار دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسے ’موجودہ مالی وسائل میں ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے جو حکومت پاکستان کو دستیاب ہیں۔‘

جب آئندہ بجٹ میں فوجی اخراجات میں ممکنہ اضافے کے بارے میں سوال کیا گیا تو وزیر خزانہ نے کہا کہ مخصوص منصوبوں پر بات کرنا قبل از وقت ہے، تاہم انہوں نے کہا: ’اپنی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ہمیں جو بھی کرنے کی ضرورت ہوئی، وہ ہم کریں گے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے جمعے (نو مئی)کو پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض کی فراہمی کی منظوری دی تھی، جو سات ارب ڈالر کے بڑے بیل آؤٹ معاہدے کا ایک حصہ ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان کو یہ قسط منگل (13 مئی) کو موصول ہو جائے گی۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کی سہولت کے تحت پاکستان کو 1.4 ارب ڈالر کے نئے قرضے کی منظوری بھی دی ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ جولائی سے شروع ہونے والے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو اگلے تین سے چار ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی، جس میں 14 سے 23 مئی تک آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ مذاکرات ہوں گے۔

انٹرویو کے دوران وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ سندھ طاس معاہدہ، جسے انڈیا نے یکطرفہ طور پر معطل کر دیا تھا، دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے معاہدے کی معطلی سے فوری طور پر کوئی اثر نہیں ہونے والا اور پاکستان ایسےکسی منظرنامے پر غور بھی نہیں کرنا چاہتا، جس میں اس معاہدے کی بحالی مدنظر نہ ہو۔‘

انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہندو سیاحوں پر حملے کے بعد بڑھنا شروع ہوئی تھی، جس میں 26 اموات ہوئی تھیں۔ جس کے بعد جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان دو دہائیوں سے زائد عرصے میں بدترین جھڑپیں ہوئیں۔

بعدازاں 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں دونوں ملکوں نے سیزفائر پر اتفاق کر لیا تھا۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

سعودی عرب کے امریکہ سے 300 ارب ڈالر کے معاہدے، محمد بن سلمان کی تصدیق

منگل مئی 13 , 2025
Share سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض میں سعودی-امریکہ انویسٹمنٹ فورم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے امریکہ کے ساتھ تین سو ارب ڈالرز سے زیادہ کے معاہدے کیے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی […]

You May Like