چترال میں برفانی تودے سے 9 اموات، وزیراعظم، صدر کا اظہار افسوس

Share

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں ریسکیو حکام کے مطابق جمعے کو لوئر چترال کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے سے نو افراد جان سے چلے گئے تھے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوا تھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعے کو جاری بیان میں جان سے جانے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ’شدید بارش، برف باری اور اچانک شدید سردی موسمیاتی ہنگامی صورت حال کی واضح نشانیاں ہیں۔ موسمی تبدیلیوں کے مطابق پیشگی تیاری اور نقصانات کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘

انہوں نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات تیز کریں اور عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں۔ ساتھ ہی انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے بروقت معلومات کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے تعاون سے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد کی صورت حال کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعرات سے جاری بارش اور برف باری کے باعث جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں کی بندش اور چند ایک مقامات پر حادثات پیش آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایسے میں محکمہ موسمیات نے اتوار (25 جنوری) کی رات سے منگل (27 جنوری) تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیشگوئی کے مطابق مغر بی ہواؤں کا ایک سلسلہ 25 جنوری (اتوار) کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 26 جنوری کو ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔

بیان کے مطابق اس موسمی نظام کے زیرِ اثر 25 اور 26 جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ اسی طرح 26 جنوری کو بالائی سندھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید بتایا گیا کہ 26 اور 27 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری  اور چند مقامات پر شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26  جنوری کی رات سے 27 جنوری کے دوران شدید برف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔

اسی طرح بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے اور ان علاقوں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

سانحہ گل پلازہ؛ ایک ہی خاندان کے 6 میں سے 4 افراد کی میتیں آج ورثا کے حوالے کی جائینگی

ہفتہ جنوری 24 , 2026
Shareسانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں سے 4 افراد کی میتیں شناخت کے بعد آج بروز اتوار دوپہر ساڑھے بارہ بجے ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ سے ورثا کے حوالے کی جائینگی جنھیں ان کی رہائش گاہ ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے […]

You May Like