’تیسری دنیا‘ سے امریکہ کے لیے امیگریشن مکمل بند کر دیں گے: ٹرمپ

Share

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک افغان شہری کی جانب سے نیشنل گارڈ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد جمعرات کو کہا ہے کہ وہ ’تیسری دنیا‘ کے ممالک سے امیگریشن کو مستقل طور معطل کر دیں گے۔

 نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ بدھ کو وائٹ ہاؤس سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آیا، جس میں ملوث افغان شہری رحمان اللہ کو حراست میں لے لیا گیا تھا، بعدازاں شدید زخمی گارڈز میں سے ایک دم توڑ گئیں۔

 ٹرمپ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ویسٹ ورجینیا سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ نیشنل گارڈ سارہ بیکسٹروم، جو جرائم کے خلاف ان کی کریک ڈاؤن مہم کے تحت واشنگٹن میں تعینات تھیں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے مبینہ حملہ آور کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آنے کے بعد دہشت گردی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 29 سالہ ملزم رحمان اللہ افغان شہری ہیں اور ماضی میں افغانستان میں امریکی فوج کے ساتھ خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا: ’میں تمام تیسری دنیا کے ممالک سے امیگریشن کو مستقل طور پر روک دوں گا تاکہ امریکی نظام کو مکمل طور پر بحالی کا موقع مل سکے۔‘

انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ وہ اپنے پیش رو جو بائیڈن کے دور میں دی گئی ’لاکھوں‘ امیگریشن منظوریوں کو واپس لے لیں گے، اور ’ہر اس شخص کو نکال باہر کریں گے جو امریکہ کے لیے خالص اثاثہ نہ ہو۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی فوجیوں کے ساتھ تھینکس گیونگ کے موقعے پر ویڈیو کال میں رپبلکن صدر نے کہا: ’میں پورے ملک کی اذیت اور خوف کو بیان کرنا چاہتا ہوں جو ہم نے کل ہمارے دارالحکومت میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے حوالے سے محسوس کیے۔‘

ٹرمپ نے فائرنگ کے اس واقعے کو اپنے اس فیصلے کے ساتھ جوڑا کہ انہوں نے شہر میں سینکڑوں نیشنل گارڈ فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’اگر وہ مؤثر نہ ہوتے تو شاید آپ کے سامنے یہ واقعہ نہ آتا۔

’شاید یہ شخص اس لیے ناراض تھا کہ وہ جرم کا ارتکاب نہیں کر پا رہا تھا۔‘

ٹرمپ کے دور میں امریکی شہریت و امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) کے سربراہ جوزف ایڈلو نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے ’ہر اس ملک کے ہر غیر ملکی کے ہر گرین کارڈ کے مکمل اور سخت از سر نو جائزے‘ کا حکم دے دیا ہے، جو تشویش والے ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔

ان کے ادارے نے بعد ازاں ان 19 ملکوں کی فہرست کی طرف اشارہ کیا، جن میں افغانستان، کیوبا، ہیٹی، ایران اور میانمار شامل ہیں،  جو جون میں ٹرمپ کے ایک سابقہ حکم کے تحت امریکی سفری پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل افغانستان سے امیگریشن درخواستوں پر کارروائی کو فوری طور پر روکنے کا حکم بھی دے چکی ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی نیشنل گارڈ چل بسیں: ٹرمپ

جمعہ نومبر 28 , 2025
Share امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب افغان شہری کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے ویسٹ ورجینیا کے نیشنل گارڈز کے دو اہلکاروں میں سے ایک چل بسی ہیں۔ انہوں نے ملزم کو، جو اپنے آبائی ملک میں سی آئی اے کے ساتھ کام کر […]

You May Like