پسنی: اکرم صاحب خان کی برسی پر یادگاری تقریب، ادبی و صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین
پسنی ( روزنامہ ایگل حب بلوچستان حب / رپورٹ قمبر حسین ) پسنی پریس کلب کے بانی، نامور طنز و مزاح نگار، فنکار اور شاعر مرحوم اکرم صاحب خان کی برسی کے موقع پر پسنی پریس کلب کے زیرِ اہتمام ایک یادگاری تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد مرحوم کی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی میر سلمان کلمتی اور خدابخش سعید تھے جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض زبیر مختار اور موسیٰ امیت نے انجام دیے۔ پروگرام دو حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلے حصے میں مرحوم اکرم صاحب خان کی زندگی، فن، صحافت اور طنز و مزاح پر اظہارِ خیال کیا گیا جبکہ دوسرے حصے میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔
پروفیسر گلاب غالب، راشد حیدر، عادل سجاد، موسیٰ امیت، ساجد نور اور مرحوم کے صاحبزادے ساحل اکرم نے اکرم صاحب خان کی ہمہ جہت شخصیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم ایک فعال اور متحرک شخصیت تھے جنہوں نے صحافت، اسپورٹس اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کی۔
راشد حیدر نے کہا کہ پسنی میں صحافت، کرکٹ اور طنز و مزاح کے فروغ میں اکرم صاحب خان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ پروفیسر گلاب غالب نے بتایا کہ اکرم صاحب خان بلوچی زبان کے پہلے لکھاری تھے جنہوں نے طنز و مزاح پر کتاب “ناکو تیاب دَپی” مرتب کی اور اپنے فن کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔
موسیٰ امیت نے مرحوم کو بلوچی طنز و مزاح کا استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تخلیقات ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ عادل سجاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ادبی تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ ادبی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔
ساحل اکرم نے اپنے خطاب میں والد کے ساتھ جڑی یادیں بیان کرتے ہوئے انہیں خاندان کے لیے بادشاہ سے تشبیہ دی اور شطرنج کی مثال کے ذریعے ان کے سکھائے گئے اصولوں کو یاد کیا۔ ساجد نور نے مرحوم کو پسنی پریس کلب کا بانی رہنما قرار دیتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے دوسرے حصے میں منعقدہ مشاعرے میں زبیر مختار، ساجد نور، موسیٰ امیت، عادل سجاد، ظفر دوست، شاہ بلوچ، ثنا حمزہ، ساحل اکرم، اکرام اسلم، میار ساحر، سلام ارمان، رحمت فقیر، تنویر فقیر، زاہد آر ایس داد، پی ایس بی ماہر، مہر خان واجو، ممتاز اسماعیل، میر اویس، الف میم داد، برکت راج، عمر دین مہر اور نظام اللہ بخش نے اپنا کلام پیش کیا۔
آخر میں پسنی پریس کلب کے صدر سخی کریم نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا

