انڈیا سے مذاکرات چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے بے تاب نہیں: اسحاق ڈار

Share

اسلام آباد میں صحافیوں کو حالیہ پاکستان انڈیا تنازعے سے پہلے اور بعد کی پاکستانی سفارتی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کو کہا کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن مذاکرات کے لیے بے تاب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نئی دہلی کے ساتھ جامع مذاکرات چاہتا ہے جس میں دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سمیت دیگر معاملات شامل ہوں۔‘

اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ اگر انڈیا نے پاکستان کے حصے کے پانی کا رخ موڑنے یا اسے روکنے کی کوشش کی تو یہ جنگی اقدام کے مترادف ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق سندھ طاس معاہدہ معطل یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد انڈیا کا نام نہاد ’نیو نارمل‘ دفن ہو چکا ہے اور حالیہ تنازعے کے دوران دنیا نے اس کے بالادستی کے دعوے ہوا میں اڑتے دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کے چھ جنگی طیارے اور ایک بغیر پائلٹ طیارہ  مار گرایا۔

نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جہاں دنیا میں پاکستان کے عملی اقدامات کو سراہا جا رہا ہے وہیں اس کی سفارتی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی حکمتِ عملی پر خود انڈیا کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان فائر بندی برقرار ہے تاہم انڈیا کی جانب سے سیاسی بیانات افسوس ناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈین قیادت یہ سب کچھ آنے والے انتخابات کے پیش نظر کر رہی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چار ممالک کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کیا تاکہ ان ممالک کا شکریہ ادا کیا جا سکے جنہوں نے انڈیا کے ساتھ تنازع کے دوران پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کا دورہ کریں گے تاکہ اس کی حمایت اور یکجہتی پر اظہارِ تشکر کیا جا سکے۔

نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس کی توجہ اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں ’کثیر الجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ‘ کے موضوع پر بحث کی جائے گی۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

یوٹیوب نے کن ڈیوائسز پر کام کرنا بند کردیا؟

جمعہ جون 6 , 2025
Shareویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد مخصوص ڈیوائسز پر کام کرنا چھوڑ دیا۔ گوگل کے ذیلی پلیٹ فارم نے خاموشی کے ساتھ اپنی آئی او ایس ایپ کا 20.22.1 ورژن جاری کیا جس کے بعد صرف وہ آئی فون صارفین یوٹیوب دیکھ سکیں جن […]

You May Like