ایران جاسوسی کے لیے اسرائیلی سی سی ٹی وی کیمرے ہیک کر رہا ہے: رپورٹ

Share

امریکی نیوز ویب سائٹ بلوم برگ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران اسرائیل میں نجی سی سی ٹی وی کیمروں تک رسائی حاصل کر کے ’رئیل ٹائم‘ انٹیلی جنس اکھٹی کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ہفتے کے آغاز میں جب ایرانی بیلسٹک میزائلوں نے تل ابیب میں بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا تو اسرائیل کے ایک سابق سائبر سکیورٹی اہلکار نے عوامی ریڈیو پر خبردار کیا کہ ’اپنے گھریلو سکیورٹی کیمرے بند کر دیں یا ان کا پاس ورڈ تبدیل کریں۔‘

اسرائیل نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے سابق نائب ڈائریکٹر جنرل رفائیل فرانکو نے کہا ’ہم جانتے ہیں کہ گذشتہ دو تین دنوں میں ایرانی یہ جاننے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ ان کے میزائل کہاں گرے تاکہ اپنی درستگی بہتر بنا سکیں۔‘

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران سائبر حملوں میں تیزی آئی ہے۔

اسرائیل نواز ہیکرز گروپ ’پریڈیٹری سپیرو‘ نے ایران کے ایک بڑے بینک اور کرپٹو ایکسچینج پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے ’آئی آر آئی بی نیوز‘ کے مطابق اسرائیل نے ملک کے اہم انفراسٹرکچر پر بڑا سائبر حملہ کیا ہے۔

اسرائیل نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایران جنگی منصوبہ بندی کے لیے انٹرنیٹ سے منسلک کیمروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

 ترجمان نے بتایا: ’ہم نے جنگ کے آغاز سے ایسی کوششیں دیکھی ہیں اور اب یہ دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔

’اسرائیل میں میزائل حملوں کے مقامات کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جبکہ ان پر باضابطہ پابندی عائد ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق روسی افواج نے بھی یوکرین پر حملے کے بعد اسی قسم کی حکمت عملی اختیار کی۔

امریکی قومی سلامتی ایجنسی اور دیگر مغربی انٹیلی جنس اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق روس نے سرحدی گزرگاہوں، فوجی تنصیبات اور ریلوے سٹیشنز کے قریب نجی کیمروں تک رسائی حاصل کر کے مواد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوکرین نے 2022 میں ایسے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی کیمروں پر پابندی لگا دی تھی اور بعد ازاں کیمرہ مالکان سے کہا گیا کہ وہ اپنی لائیو سٹریمز بند کر دیں۔

حکومت کے مطابق روس ان ویب کیمز کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر فضائی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

امریکہ میں فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن نے 2022 میں چینی ساختہ سکیورٹی آلات پر قومی سلامتی کے پیش نظر پابندی عائد کر دی تھی۔

عالمی سطح پر نجی نگرانی کی مارکیٹ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس کی مالیت 2024 میں 54 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2030 تک 89 ارب ڈالر تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ سستے اور ہر جگہ موجود کیمرے غیر محفوظ ہوتے ہیں، جنہیں ہیک کرنا آسان ہوتا ہے۔

ماہرین کئی سالوں سے خبردار کرتے آ رہے ہیں کہ ان کیمروں میں سائبر سکیورٹی کے مسائل موجود ہیں، مگر اگر صارفین اعلیٰ معیار کے کیمرے خریدیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں تو ان خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

روزانہ کتنا پانی پینا ضروری؟ اصول نہیں جسم کے اشارے اہم

جمعہ جون 20 , 2025
Share عموماً مشورہ دیا جاتا ہے کہ روزانہ آٹھ گلاس پانی پینا صحت کے لیے اچھا ہے مگر جب موسم شدید گرم ہو، پسینہ تیزی سے بہہ رہا ہو یا آپ سارا دن ایئرکنڈیشنڈ کمرے میں گزار رہے ہوں، تو کیا یہ اصول اب بھی کارآمد رہتے ہیں؟ ماہرین کا […]

You May Like