پاکستان، افغانستان نے 8 زرعی اجناس پر ٹیکس کم کر کے 27 فیصد کر دیا

Share

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بدھ کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آٹھ زرعی اجناس کی تجارت پر ترجیحی ٹیرف کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ 

افغانستان میں طالبان حکومت کے ایک بیان کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ملک آٹھ زرعی اجناس پر محصولات 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد کرنے کے پابند ہوں گے۔

بیان میں بتایا گیا کہ معاہدے پر دستخط افغانستان کی وزارت صنعت و تجارت کے نمائندے مولوی احمد اللہ زاہد اور پاکستان کی وزارت تجارت کے سیکریٹری جاوید پال نے افغان دارالحکومت کابل میں بدھ کو کیے ہیں۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے آٹھ زرعی اجناس پر درآمدی محصولات (ٹیرف) میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

معاہدے کے مطابق افغانستان سے پاکستان کو برآمد کی جانے والی چار اجناس بشمول انگور، انار، سیب اور ٹماٹر، جب کہ پاکستان سے افغانستان جانے والے آم، کینو، کیلا اور آلو پر ٹیرف کم کیا جائے گا۔ 

ایک سالہ معاہدہ یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہو گا اور مستقبل میں اس میں توسیع کی جا سکے گی۔ نیز اس میں مزید اشیاء بھی شامل کی جا سکیں گی۔

بین الاقوامی تجارت سے متعلق اقوام متحدہ کے ڈیٹا بیس سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 2024 کے دوران افغانستان سے پاکستان کی درآمدات تقریباً 66 کروڑ امریکی ڈالر رہی۔ 

پاکستان نے افغانستان سے پھل، سبزیوں، پٹسن، معدنیات، مصالحے وغیرہ کے علاوہ تیل، جانوروں کی کھالیں اور قیمتی پتھر بھی درآمد کیے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اقوام متحدہ سے متعلق ویب سائٹس سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے دوران پاکستان سے افغانستان کی درآمدات ایک ارب امریکی ڈالر سے زیادہ تھیں۔ 

پاکستان نے مذکورہ سال کے دوران افغانستان کو ادویات، پتھر، سیمنٹ، چینی، فرنیچر اور لکڑی سے بنی دوسری اشیا، جوتوں کے علاوہ پھل اور سبزیاں برآمد کیں۔

ماہرین معاشیات معاہدے کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھتے ہیں، جو خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس معاہدے سے سرحدی علاقوں میں زرعی معیشت کو تقویت ملے گی اور مقامی کسانوں کو بہتر قیمتیں ملنے کا امکان ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت اکثر سرحدی کشیدگی اور غیر یقینی حالات کی وجہ سے متاثر رہی ہے، مگر یہ معاہدہ ایک اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

نتن یاہو کو قتل کرنے کے شبہے میں خاتون گرفتار: اسرائیلی میڈیا

جمعرات جولائی 24 , 2025
Share اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وسطی علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون کو شین بیت (اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی) نے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کو قتل کرنے کی سازش کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔ ’یروشیلم پوسٹ‘ کی بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹ […]

You May Like