پسنی (روزنامہ ایگل حب بلوچستان ؕ رپورٹ قمبر حسین) پسنی میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال اور مسلسل بارش کے دوران کام جاری رکھنے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاقے میں نہ تو کوئی ذمہ دار انجینئر موجود ہے اور نہ ہی کوئی دیگر متعلقہ اہلکار نظر آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور نکاسی آب کے منصوبے جاری ہیں، تاہم عوامی شکایات ہیں کہ کام انتہائی ناقص معیار کا ہے اور بارش کے دوران بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھی گئی ہیں، جس سے سڑکوں کی پائیداری اور شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
معروف سماجی کارکن لالا سیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ افسوسناک امر ہے کہ پسنی جیسے حساس علاقے میں ترقیاتی کام بغیر کسی نگرانی کے جاری ہیں، ناقص میٹریل سے عوام کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو اہلِ علاقہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ:
ناقص میٹریل کی تحقیقات کی جائیں
ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے
انجینئر اور نگران عملہ مستقل بنیادوں پر موقع پر تعینات کیا جائے
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شہر میں مختلف منصوبوں میں معیار پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، لیکن تاحال کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔

