پسنی( روزنامہ ایگل حب بلوچستان ) پسنی کے ایک معزز وفد نے پاک آرمی کے میجر تیمور سے ملاقات کی، جس میں علاقے کو درپیش اہم سماجی، تعلیمی اور معاشی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد میں چیئرمین پسنی بابا کلمتی، ڈی ایس پی زاہد حسین، سماجی کارکن خادمِ پسنی لالا سیلانی، اساتذہ یاسین بزنجو، دانش صابر اور مصالحتی کمیٹی کے نمائندے شیخ اسحاق بشیر شامل تھے۔
اس موقع پر لالا سیلانی نے پاک عمان ہسپتال پسنی میں بلڈ بینک کے قیام کی تجویز پیش کی، تاکہ ہنگامی حالات میں خون کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے خالد بن ولید مدرسہ کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا، جس سے متعدد طلبہ اور مقامی افراد براہِ راست مستفید ہوں گے۔
شیخ اسحاق بشیر نے پسنی کی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کچھ ماہ قبل غیر مقامی سندھی ماہی گیروں کو علاقے سے نکال دیا گیا، جس کے بعد سے پسنی میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں اور معیشت بدحالی کا شکار ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معیشت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
میجر تیمور نے تمام مسائل اور تجاویز کو سنجیدگی سے سنا اور وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ان امور پر جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ پسنی کے عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں اور ترقی کا عمل آگے بڑھے۔