اسلام آباد میں دو لڑکیوں کی حادثے میں موت: ورثا سے صلح کے بعد جج کا بیٹا رہا

Share

اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے ہفتے کو جسٹس محمد آصف کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے مرنے والی دو لڑکیوں کے خاندانوں کی جانب سے صلح کے بیان کے بعد ملزم ابو زر کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

یکم دسمبر کو اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر رات تقریباً ایک بجے سنیپ چیٹ بناتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محمد آصف کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے سکوٹی پر سوار دو نوجوان لڑکیوں کی موت ہو گئی تھی، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا۔

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ملزم ابو زر کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت میں متاثرہ فیملیز نے ملزم سے صلح کا بیان ریکارڈ کروایا۔

ایک لڑکی کے بھائی نے خود پیش ہو کر بیان دیا جبکہ ان کی والدہ کا بیان آن لائن لیا گیا۔ دوسری جانب دوسری لڑکی کے والد کا بیان بھی عدالت میں ریکارڈ کیا گیا۔

بیانات ریکارڈ کیے جانے کے بعد عدالت نے ملزم ابو زر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل ہونے والی سماعت میں وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ حادثے کے وقت ملزم سنیپ چیٹ پر ویڈیو بنا رہا تھا۔ ’کم عمر ڈرائیور ابو زر کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا، جبکہ اس نے گرفتاری سے قبل اپنا موبائل فون کہیں پھینک دیا۔‘

عدالت کو بتایا گیا تھا کہ سیکریٹریٹ چوک کے قریب جج محمد آصف کے 16 سالہ بیٹے نے مبینہ طور پر وی-8 لینڈ کروزر کو ڈرفٹنگ کرتے ہوئے سکوٹی پر گھر واپس جانے والی ان دو نوجوان لڑکیوں کو ٹکر ماری۔

’ایک لڑکی پی این سی اے میں کورس کر رہی تھی جبکہ دوسری وہاں ملازم تھی۔ دونوں رات ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں۔‘

واقعے کی ایف آئی آر جان سے جانے والی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ’میرا بھائی ارسلان کھنہ پل پر ان کا انتظار کر رہا تھا کہ ہمیں کال موصول ہوئی کہ سیکرٹریٹ کے قریب آپ کی بہن کا ایکسیڈنٹ ہوا ہے۔ دونوں کو پمز لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔‘

دوسری جانب ملزم کے والد جسٹس محمد آصف کی عدالت کی کاز لسٹ بھی منسوخ کی جا چکی ہے۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

غزہ جنگ بندی اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کے بغیر نامکمل: قطر

ہفتہ دسمبر 6 , 2025
Share قطر کے وزیر اعظم نے ہفتے کو کہا کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً دو ماہ پرانی جنگ بندی اس وقت تک مکمل نہیں ہو گی جب تک اسرائیلی افواج امن معاہدے کے تحت فلسطینی علاقے سے واپس نہیں چلی جاتیں۔ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن […]

You May Like