پسنی میں 25 ترقیاتی اسکیمات کا اعلان، لالا سیلانی نے شفافیت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کر دی
پسنی ( روزنامہ ایگل حب ) پسنی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 25 نئی اسکیمات کا اعلان کر دیا گیا ہے جن پر کروڑوں روپے لاگت آئے گی۔ منصوبوں میں اسکولوں کی مرمت، کمیونٹی ہالز کی تعمیر، قبرستانوں میں شیڈز، واٹر ٹینک، لائبریری، اور سڑکوں کی بہتری جیسے اہم کام شامل ہیں۔ اس فہرست کے منظر عام پر آنے کے بعد خادمِ پسنی و معروف سماجی رہنما لالا سیلانی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان منصوبوں کی شفاف اور معیاری تکمیل پر زور دیا ہے۔
لالا سیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ترقیاتی منصوبے پسنی جیسے پسماندہ علاقے کے لیے ریلیف کا پیغام ہیں، لیکن ماضی کے تلخ تجربات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ کئی بار فنڈز جاری ہونے کے باوجود منصوبے صرف فائلوں تک محدود رہے۔ اس بار عوام کا مطالبہ ہے کہ ہر اسکیم پر عوامی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
فہرست کے مطابق سب سے زیادہ لاگت چیف آفیسر ہاؤس کی تعمیر پر آئے گی جس کے لیے 16.5 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ دیگر منصوبے بھی لاکھوں سے کروڑوں روپے مالیت کے ہیں۔
لالا سیلانی کا کہنا تھا کہ اسکولوں، لائبریریوں اور پبلک مقامات کی بہتری قابلِ تحسین ہے، لیکن یہ صرف اُس وقت فائدہ مند ہوں گے جب ان کا کام معیار کے مطابق اور مقررہ وقت میں مکمل ہو۔
انہوں نے متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان منصوبوں کی تفصیلات اور پیش رفت عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں اور سماجی نمائندوں کو نگرانی کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے۔ عوام کا پیسہ عوام کی بہتری پر خرچ ہو، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شفافیت اور جوابدہی ضروری ہے، انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔
لالا سیلانی نے پسنی کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں اور اگر کہیں کرپشن، تاخیر یا ناقص میٹریل کی شکایت سامنے آئے تو فوری ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ شئیر کی جائے۔