پاکستان موٹروے انتظامیہ نے ایم ٹیگ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں سے اضافی 50 فیصد سے ٹول ٹیکس وصول کرنا شروع کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایم ٹیگ لگوانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
موٹروے انتظامیہ نے یکم جون کو ایک مراسلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں سے اب 50 فیصد زائد ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
پشاور موٹروے ٹول پلازے پر موجود موٹروے اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اضافی ٹیکس وصولی کا مقصد ایم ٹیگ لگانے کی ترغیب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایم ٹیگ سے گاڑیوں کو سفری سہولت میسر ہوتی ہے کیونکہ انہیں لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا نہیں پڑتا جبکہ کیش لین میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب تمام ٹول پلازوں پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں سے 50 فیصد زائد ٹیکس وصول کیا جائے گا، ’جیسے پشاور تا اسلام آباد ٹول ٹیکس 550 تک ہے لیکن اب بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو 850 روپے تک ادا کرنا ہوں گے۔‘
یہ 50 فیصد اضافی ٹیکس بغیر ایم ٹیگ سمیت ان گاڑیوں پر بھی لاگو ہوگا جن کے ایم ٹیگ اکاؤنٹ میں بیلنس کم ہو گا۔
ایم ٹیگ کیا ہے؟
ایم ٹیگ موٹروے کی جانب سے گاڑیوں کے لیے ایک سٹیکر ہے جو زیادہ تر وینڈ سکرین پر لگایا جاتا جس پر اپنا ایک بار کوڈ موجود ہوتا ہے۔
سٹیکر پر موجود بار کوڈ موٹروے کے پیمنٹ نظام کے ساتھ منسلک ہوتا ہے اور جب بھی ایم ٹیگ والی گاڑی ٹول پلازہ سے نکلتی ہے تو ٹول پلازے پر موجود بیریئر خود کار طریقے سے کھول جاتے ہیں اور ایم ٹیگ اکاؤنٹ سے ٹول ٹیکس کٹوتی ہو جاتی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے مقابلے میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیاں روایتی طریقے سے ٹول پلازے پر کیش دے کر ٹول ٹیکس ادا کرتی ہیں اور ادائیگی کے بعد ٹول پلازے کا بیریئر گاڑی کے لیے کھول دیا جاتا ہے۔
ایم ٹیگ کو ریچارج کیسے کیا جاتا ہے؟
موٹروے کے تمام تر ایم ٹیگ کا نظام ون نیٹ ورک نامی ادارے کے پاس ہے اور ٹول پلازوں پر اس ادارے کے مختلف دفاتر بنائے گئے ہیں۔
موٹروے عہدیدار کے مطابق گاڑی مالک گاڑی کے رجسٹریشن کارڈ، شناختی کارڈ کی کاپی اور موبائل نمبر فراہم کر کے ایم ٹیگ سٹیکر حاصل کر سکتا ہے۔
اس کے بعد عہدیدار کے مطابق گاڑی مالک اپنی مرضی کے مطابق ایم ٹیگ کو ریچارج کر سکتا ہے۔ یعنی اس میں جتنے مرضی پیسے ڈال سکتا ہے اور اس کے بعد کسی بھی ٹول پلازے کو کراس کرنے کے وقت اسی اکاؤنٹ سے کٹوتی کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ موٹروے کے تمام ٹول پلازوں پر ایم ٹیگ اور بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے لیے الگ الگ لین بنائی گئی ہیں اور ایم ٹیگ گاڑیاں بغیر کسی روک ٹوک کے ٹول پلازے سے گزر سکتی ہیں۔
ایم ٹیگ سٹیکر حاصل کرنے کے بعد اس کو تو ٹول پلازے پر موجود ون نیٹ ورک کے دفاتر سے کیش دے کر ریچارج کیا جا سکتا ہے۔
جبکہ اس کے علاوہ ایم ٹیگ حاصل کرنے کے بعد ون نیٹ ورک موبائل ایپ کے ذریعے یا جاز کیش، ایزی پیسہ یا کسی بھی موبائل بنک ایپ کے ذریعے ریچارج کیا جا سکتا ہے۔