پسنی: ساحل گلاب کے اہل خانہ کا قاتلوں کی عدم گرفتاری پر شدید ردعمل، پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار

Share

پسنی ( نمائندہ ایگل ) پسنی  پریس کلب میں 14 سالہ مقتول طالبعلم ساحل گلاب کے خاندان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کو دو ہفتے گزر چکے ہیں لیکن قاتل تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے، جو قابلِ افسوس اور تشویشناک ہے۔

ساحل کی والدہ نے کہا کہ پسنی جیسے چھوٹے شہر میں اس طرح کا المناک واقعہ پیش آنا انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ "اگر پولیس قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکتی تو ہمیں صاف الفاظ میں بتا دیا جائے، تاکہ ہم جان لیں کہ ہمیں انصاف نہیں ملے گا،” اُن کا کہنا تھا۔

خاندان نے مطالبہ کیا کہ موجودہ پولیس افسران کا فوری تبادلہ کیا جائے اور ایسے اہلکار تعینات کیے جائیں جو مؤثر کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی سست روی اور بےحسی سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ جیسے قاتل قانون سے بالاتر ہو چکے ہیں۔

پریس کانفرنس میں حق دو تحریک کے عزیز اسماعیل اور نیشنل پارٹی کے خدابخش سعید نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ناقص تفتیش اور غیر سنجیدگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ادارے اس کیس کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی انٹیلیجنس ادارے اس معاملے میں براہِ راست مداخلت کریں۔

ساحل گلاب کی فیملی نے  انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پسنی زیرو پوائنٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، اور احتجاجی لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ 14 سالہ ساحل گلاب کو اغواء کے دو دن بعد جھاڑیوں سے اس کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد علاقے میں خوف و غم کی فضا چھا گئی ہے۔ عوام اور ورثا انصاف کے منتظر ہیں۔


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

گڈانی میں غیرقانونی وائن اسٹور کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، کاروباری مراکز بند

جمعہ مئی 9 , 2025
Shareگڈانی (نمائندہ ایگل) ضلع حب کے ساحلی شہر گڈانی میں واقع غیرقانونی وائن اسٹور کے خلاف تحریک نوجوان گڈانی کی کال پر آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ گڈانی مین بازار، گڈانی ٹاؤن، شپ بریکنگ بازار، گڈانی موڑ سمیت دیگر علاقوں میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ […]

You May Like