گڈانی (نمائندہ ایگل) ضلع حب کے ساحلی شہر گڈانی میں واقع غیرقانونی وائن اسٹور کے خلاف تحریک نوجوان گڈانی کی کال پر آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ گڈانی مین بازار، گڈانی ٹاؤن، شپ بریکنگ بازار، گڈانی موڑ سمیت دیگر علاقوں میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔
واضع رہے کہ تحریک نوجوان گڈانی نے چند روز قبل گڈانی موڑ پر واقع غیرقانونی وائن اسٹور کے خلاف احتجاجی مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے میں تنظیم کی جانب سے پریس کانفرنسز اور عوامی اجتماعات منعقد کیے گئے، جن میں وائن اسٹور کی بندش کا مطالبہ کیا گیا۔ تحریک نوجوان گڈانی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گڈانی موڑ پر وائن اسٹور کی موجودگی علاقے کے نوجوانوں اور معاشرتی اقدار کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
علاقے کے عوام اور سماجی حلقوں نے تحریک نوجوان گڈانی کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ حکام اس مسئلے کا فوری نوٹس لیکر مذکورہ غیرقانونی وائن اسٹور کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گا