خیبر پختونخوا: سکیورٹی پر اعلیٰ سطحی اجلاس، پشاور میں پی ایس ایل میچز کرانے کا فیصلہ

Share

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کور ہیڈکوارٹر میں منگل کو ایک اجلاس ہوا جس میں نہ صرف امن و امان کو بہتر بنانے کے لیے کلیدی فیصلے کیے گئے بلکہ رواں سال پاکستان سپر لیگ ’پی ایس ایل‘ کے میچز بھی پہلی مرتبہ پشاور میں کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، قومی سلامتی کے مشیر اور کور کمانڈر پشاور کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

پشاور کے کرکٹ سٹیڈیم جس کا نام ارباب نیاز سٹیڈیم سے تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کر دیا گیا ہے پر آخری انٹرنیشنل میچ فروری 2006 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

اس 20 سالوں کے دوران پشاور کے کرکٹ سٹیڈیم پر کوئی انٹرنیشنل میچ تو نہیں کھیلا گیا تاہم حالیہ تعمیرات کے بعد اس میدان پر گذشتہ سال پی ایس ایل سے قبل پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ایک نمائشی میچ کھیلا گیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ کے آغاز اور پشاور کی اپنی ٹیم کے باعث شائقین اور ٹیم کے مالک کی جانب سے ہر سال ہی پشاور میں میچ کروانے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سرکاری بیان میں اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ پشاور کے کرکٹ سٹیڈیم پر پاکستان سپر لیگ کے میچز کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یہ اعلان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری بیان میں کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پشاور کور ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس میں رواں سال پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی اجلاس کے بعد پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں ایک میچ کے اختتام پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی صحافیوں کی جانب سے نہ صرف سوالات کیے گئے بلکہ ان سے پی ایس ایل میچز کروانے کی درخواست بھی کی گئی۔

جس پر وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے مسکراتے ہوئے اتنا ہی کہا کہ ’آپ سب کو اس بارے میں آج ہی کوئی نہ کوئی خبر آ جائے گی۔‘

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی پی ایس ایل 11 میں پشاور میں میچز کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔

جاوید آفریدی نے ایکس پر ایک مختصر بیان میں لکھا: الحمد اللہ پی ایس ایل پشاور میں۔‘

پشاور زلمی کی جانب سے جاری بیان میں جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ’پشاور کے شائقین کرکٹ کے لیے یہ تاریخی لمحہ ہوگا اور زلمی اپنے ہوم گراؤنڈ پر بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔‘

پی ٹی آئی کی حکومت نے 2018 میں اس سٹیڈیم میں ایک ارب 37 کروڑ روپے سے زیادہ رقم کی لاگت سے تعمیراتی کام کا آغاز کیا تھا اور 2021 میں اس کا بجٹ تقریباً دو ارب روپے تک پہنچ گیا۔

ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم ماضی میں پشاور کرکٹ کلب کہلاتا تھا اور 1938 سے خیبر پختونخوا کرکٹ ٹیم کے لیے گراؤنڈ ہوا کرتا تھا، جب کہ 1984 میں اس کی تعمیر مکمل ہوئی۔ 

محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے مطابق یہ سٹیڈیم پہلے میونسپل کارپوریشن پشاور نے اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق کی ہدایت پر تعمیر کیا تھا، جس میں 5000 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے

پاکستان کو حالیہ مہینوں میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کا سامنا رہا ہے اور صوبہ خیبر پختونخوا سب سے متاثرہ صوبہ ہے۔

اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو فوری طور پرصوبائی پولیس اور دیگر صوبائی  اداروں کے زیر نگرانی ،ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا- بعد ازاں ، اس کامیاب ماڈل کو خیبر پختونخوا  کے متاثرہ اضلاع بالخصوص خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ان اضلاع میں  شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی عسکری کاروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرے گی۔

’وزیراعلیٰ کی سربراہی میں قائم اس خصوصی ذیلی کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندگان،کور کمانڈرپشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی  پولیس اور صوبائی حکام  کے علاوہ وفاقی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔‘

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان مؤثر رابطوں کے ذریعے ’دہشت گردی‘ جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی اور یکساں مؤقف کو یقینی بنایا جائے گا۔

’نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام اور مثبت سوچ کے فروغ کے لئے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔‘


Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

کھانے کا وقت انٹرمٹنٹ فاسٹنگ میں مطلوبہ نتائج دے سکتا ہے: تحقیق

منگل فروری 10 , 2026
Share سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ دن کا وہ وقت جب آپ کھاتے ہیں، اسے طے کرنا اور وقفے وقفے سے فاقہ کرنا، صحت کے لحاظ سے نتائج میں بہت فرق پیدا کرتا ہے۔ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ ایک مقبول غذائی پلان کے طور پر ابھری ہے کیونکہ لوگ کیلوریز کو سختی سے محدود […]

You May Like