پسنی میں خستہ حال بجلی کے کمبوں کا سنگین خطرہ، ایک اور کمبا زمین بوس سپرنٹنڈنگ انجنئیر مکران سرکل انجینئر سیف بادینی کا ہنگامی دورہ، جامع رپورٹ تیار۔
پسنی( روزنامہ ایگل حب بلوچستان / رپورٹ قمبرحسین ) پسنی آپریشن سب ڈویژن کیسکو پسنی کے دائرہ اختیار میں بجلی کے نظام سے منسلک خستہ حال کمبے عوام کے لیے مسلسل خطرہ بنتے جا رہے ہیں، آج پسنی سٹی فیڈر ون میں ایک بوسیدہ بجلی کا کمبا اچانک زمین بوس ہوگیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پسنی سٹی فیڈر ون اور پسنی سٹی فیڈر ٹو کے مختلف علاقوں میں متعدد سیمنٹ اور لوہے کے بجلی کے کمبے انتہائی خستہ حالت میں موجود ہیں، سیمنٹ کے کمبوں میں گہرے کریک پڑ چکے ہیں جبکہ لوہے کے کمبے زنگ آلود اور گل سڑ چکے ہیں، جو کسی بھی وقت گرنے کا باعث بن سکتے ہیں اور قیمتی انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکو مکران سرکل، انجینئر سیف بادینی صاحب جو گزشتہ دو روز سے پسنی کے دورے پر موجود تھے، فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زمین بوس ہونے والے کمبے کا تفصیلی معائنہ کیا، بعد ازاں انہوں نے پسنی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تمام خستہ حال اور خطرناک بجلی کے کمبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سپرنٹنڈنگ انجینئر نے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو واضح ہدایات جاری کیں کہ انسانی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے، خطرناک ناکارہ کمبوں کی فوری نشاندہی کر کے ان کی مرمت یا تبدیلی کے عمل میں تیزی لائی جائے، اس موقع پر پسنی میں موجود تمام خستہ حال کمبوں سے متعلق ایک جامع اور تفصیلی رپورٹ بھی تیار کی گئی، جسے کیسکو اعلیٰ حکام کو ارسال کیا جائے گا تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب شہریوں نے کیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پسنی میں پرانے، بوسیدہ اور خطرناک بجلی کے کمبوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ بڑے حادثے سے قبل حفاظتی اقدامات مکمل کیے جا سکیں۔

