نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ اگر ان کی نجی طور پر بات ہوئی تو وہ برطانیہ کے شاہ چارلس پر زور دیں کہ وہ طویل عرصے سے متنازع تاج کا ہیرا کوہ نور انڈیا کو واپس کر دیں۔
ظہران ممدانی ان معززین میں شامل تھے جنہوں نے بدھ کو شہر میں القاعدہ کے 11 ستمبر 2001 کے حملے کے متاثرین کی یاد میں ہونے والی ایک تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ اور ملکہ سے ملاقات کی۔
امریکہ کے اپنے چار روزہ سرکاری دورے کے حصے کے طور پر، برطانوی شاہی جوڑے نے لوئر مین ہیٹن میں نیشنل 9/11 میموریل کا دورہ کیا، جہاں چارلس نے پھول رکھے۔
ظہران ممدانی نے تقریب سے قبل صحافیوں کو بتایا: ’اگر میری اس سے ہٹ کر بادشاہ سے الگ سے بات ہوئی، تو میں شاید انہیں کوہ نور ہیرا واپس کرنے کی ترغیب دوں گا۔‘
کوہ نور ہیرا، جو دنیا کے سب سے بڑے تراشے گئے ہیروں میں سے ایک ہے، انڈیا سے نکالا گیا تھا اور اس کی تاریخ کم از کم 17ویں صدی تک جاتی ہے۔ انڈیا کی حکومت 1947 میں آزادی کے بعد سے کئی بار برطانیہ سے اس کی واپسی کا مطالبہ کر چکی ہے۔
کسی دور میں ملکہ وکٹوریہ کی ملکیت رہنے والا یہ ہیرا تاج برطانیہ کے جواہرات کا حصہ ہے اور ٹاور آف لندن میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اسے انمول کہا جاتا ہے۔
1849 میں، جب انڈیا نوآبادیاتی حکمرانی کے ماتحت تھا، برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستانی شاہی خاندان کے 10 سالہ بیٹے کو کوہ نور کی ملکیت سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا۔ انڈیا کی جانب سے اس کی واپسی کی سب سے حالیہ درخواست 2016 میں کی گئی تھی۔
تین دن میں دو بار، جب ظہران ممدانی سے پوچھا گیا کہ وہ گراؤنڈ زیرو پر شاہی جوڑے کو کیا پیغام دینا چاہیں گے، تو انہوں نے اپنے ابتدائی جواب میں اس کا ذکر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، ‘میں گورنر ہوچل اور گورنر شیرل سمیت دیگر منتخب عہدےداروں کے ساتھ پھول چڑھانے کی تقریب میں شرکت کروں گا، اور اس تقریب کا مقصد 11 ستمبر کے خوفناک دہشت گرد حملوں میں مرنے والے 3000 سے زائد نیویارک کے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ اور میں واقعی اس تقریب میں یہی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘
خبروں کی ویب سائٹ پولیٹیکو کے مطابق، شاہی خاندان کے ایک ترجمان نے ظہران ممدانی کے بیان پر ردعمل دینے سے انکار کر دیا ہے۔ دی انڈپینڈنٹ نے بکنگھم پیلس سے تبصرے کی درخواست کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل، بکنگھم پیلس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے بعد ردعمل دیا تھا کہ شاہ چارلس نے ان سے اتفاق کیا تھا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
شاہی خاندان کے لوگ آئینی طور پر سیاست میں سختی سے غیر جانبدار رہنے کے پابند ہیں۔ تاہم، منگل کی رات، ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایران کو کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور یہ تاثر دے کر مہمانوں کو حیران کر دیا کہ برطانوی شاہ بھی یہی رائے رکھتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا، ’چارلس مجھ سے بھی زیادہ میری اس بات سے متفق ہیں۔‘ بعد میں اپنی گفتگو میں شاہ چارلس نے ایران یا ایران کی جنگ کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔
برطانوی شاہی محل کے ایک ترجمان نے جواب دیا: ’کنگ فطری طور پر ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام پر اپنی حکومت کے دیرینہ اور معروف مؤقف سے آگاہ ہیں۔‘

