پسنی: بلوچستان پروگریسیو سوسائٹی کے رہنماؤں کی گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل سے ملاقات
پسنی (روزنامہ ایگل حب بلوچستان) بلوچستان پروگریسیو سوسائٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری پرویز سفر اور ضلعی کوآرڈینیٹر چاکر خان نے گورنمنٹ ڈگری کالج پسنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کالج کے پرنسپل شہزاد ہاشم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کالج کو درپیش مسائل، طلباء کی حاضری، اور گرلز کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔
پرنسپل شہزاد ہاشم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ان پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کالج کی عمارت کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش ہے کہ جیسے ہی عمارت مکمل ہو، وہاں جلد از جلد کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کالج کے لیے ایک اور بس کی اشد ضرورت ہے تاکہ انہیں سفری مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
بلوچستان پروگریسیو سوسائٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری پرویز سفر نے کہا کہ ان کی تنظیم کالج کے تمام مسائل کو صوبائی سطح پر اجاگر کرے گی اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اس موقع پر ضلعی کوآرڈینیٹر چاکر خان نے اعلان کیا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد کالج میں طلباء و طالبات کے لیے کیریئر کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ نوجوان جدید دور کے چیلنجز کا سامنا بہتر انداز میں کر سکیں۔

