بلوچستان حکومت نے ماہی گیری پر دو ماہ کی پابندی عائد کر دی
کوئٹہ (روزنامہ ایگل حب بلوچستان) حکومت بلوچستان کے محکمہ فشریز و کوسٹل ڈیولپمنٹ نے سمندری حیات کے افزائش نسل کے سیزن کے دوران ماہی گیری پر دو ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی یکم جون 2025 سے 31 جولائی 2025 تک نافذ العمل ہوگی۔
محکمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان سی فشریز آرڈیننس 1971 کے سیکشن 6 کے تحت اختیار استعمال کرتے ہوئے تمام قسم کے ماہی گیری کے جہازوں، جالوں اور مخصوص آلات کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی بلوچستان کے سمندری علاقوں، نہروں، ڈیمز اور دیگر ساحلی اور اندرون علاقوں میں نافذ ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کے افزائش نسل کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے تاکہ فطری نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔
تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔