تربت (روزنامہ ایگل حب ): ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں لیویز فورس نے مزید چار لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔ یہ اہم کارروائی گزشتہ رات انجام دی گئی، جس سے علاقے میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بازیاب ہونے والے افراد میں شعیب ولد بشام (ساکن پھٹانکہور)، ساجد ولد جان محمد (ساکن آپسر)، اللہ بخش ولد تاج محمد (ساکن سنگانی سر) اور محمد اقبال ولد محمد عثمان (ساکن جوسک) شامل ہیں۔ ان افراد کو مکمل حفاظت کے ساتھ ان کے گھر والوں تک پہنچا دیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور گفت و شنید کی ہے۔ ان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اب تک ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زائد لاپتہ افراد بازیاب ہو چکے ہیں۔
یہ کامیابی نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے سکون کا باعث ہے بلکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کی جانب ایک مثبت قدم بھی ہے۔ عوامی حلقے ڈپٹی کمشنر کی اس انتھک محنت کو سراہ رہے ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔
