حیدرآباد:
شہر کے علاقے خورشید ٹاؤن کے گھمن آباد میں واقع ایل پی جی سلینڈر کی دکان میں اچانک خوفناک آتشزدگی کے باعث یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ گیس سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی جس کے بعد دکان میں موجود متعدد سلینڈرز دھماکوں سے پھٹتے رہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے متعدد فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں جبکہ قریبی دکانوں اور مکانات کو بھی محفوظ بنانے کے اقدامات کیے گئے تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے۔
واقعے کی اطلاع پر ایم پی اے ناصر قریشی اور ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ایل پی جی فلنگ کی دکان میں لگی تھی جس کے باعث دھماکوں کی شدت میں اضافہ ہوا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
