عیدالاضحیٰ قریب، پسنی میں پانی کا سنگین بحران لالا سیلانی کا اظہارِ تشویش
پسنی (روزنامہ ایگل حب بلوچستان ) عیدالاضحیٰ کی آمد سے چند روز قبل پسنی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ علاقے میں پانی کی شدید قلت کے باعث عوام کو نہ صرف روزمرہ کی ضروریات بلکہ قربانی جیسے اہم دینی فریضے کی ادائیگی میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
مقامی سماجی رہنما لالا سیلانی نے اس سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پسنی کے عوام ایک عرصے سے پانی کے بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ کبھی بجلی کی بندش کا بہانہ، کبھی پائپ لائن کی خرابی، اور کبھی محکماتی نااہلی، لیکن نتیجہ ایک ہی ہے: عوام پانی کے لیے دربدر ہو رہے ہیں۔”
لالا سیلانی نے مزید کہا کہ یہ دور جدید ہے، جہاں ملک کے کئی حصوں میں سولر سسٹم کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، لیکن افسوس کہ پسنی میں آج بھی محکمہ پبلک ہیلتھ صرف بجلی کے سہارے کام کر رہا ہے، جو ناکافی اور غیر مستحکم ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پسنی کے آبی بحران کا فوری نوٹس لیا جائے اور علاقے میں سولر واٹر سپلائی سسٹم جیسے پائیدار حل کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو عیدالاضحیٰ کے ایام ان کے لیے خوشیوں کی بجائے اذیت کا باعث بنیں گے۔